ویلز نے شمالی آئرلینڈ کو شکست دے دی

تصویر کے کاپی رائٹ EPA

فرانس میں کھیلے جانے والے یورو 2016 فٹبال ٹورنامنٹ میں دو برطانوی ٹیموں ویلز اور شمالی آئرلینڈ کے مابین کھیلے جانے والے ناک آؤٹ مرحلے کے دوسرے میچ میں ویلز نے شمالی آئرلینڈ کو شکست دے دی ہے۔

ویلز کے مشہور کھلاڑی گیرتھ بیل نے کراس لگایا لیکن گول بچانے کی کوشش میں آئر لینڈ کے کھلاڑی میک اولے نے اپنی ٹیم کے خلاف ہی گول کر دیا۔ یوں ویلز نے شمالی آئرلینڈ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔

سنیچر کو یہ میچ پیرس میں کھیلا گیا اور سٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے شائقین بڑی تعداد میں موجود تھے۔

ویلز نے اپنے گروپ میں پہلی پوزیشن لے کر ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا جبکہ شمالی آئرلینڈ نے گروپ میں تیسری پوزیشن لے کر آخری سولہ ٹیموں میں اپنی جگہ بنائی ۔

آج ویلز کا مدِ مقابل ترکی ہوسکتا تھا لیکن گروپ سٹیج کے آخری میچ میں شمالی آئرلینڈ نے اٹلی کو شکست دے کر ترکی کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔

شمالی آئرلینڈ اور ویلز کی ٹیمیں پہلی بار یورو ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہیں۔

رواں برس کارڈف میں دونوں کی ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والا دوستانہ میچ برابر رہا تھا تاہم اس میچ میں ویلز کے سٹار فٹبالر گیرتھ بیلز نہیں کھیلے تھے۔

سنیچر کو ہونے والے اس میچ کی فاتح ٹیم کا کوارٹر فائنل میں ہنگری یا بیلجیم سے مقابلہ ہوگا۔

ویلز کی ٹیم نے گروپ مرحلے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور چھ گول سکور کر کے وہ اور ہنگری اس مرحلے میں سب سے زیادہ گول سکور کرنے والی ٹیمیں ہیں۔

دوسری جانب اگرچہ شمالی آئرلینڈ نے ناک آؤٹ سٹیج کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے تاہم ٹورنامنٹ میں اب تک اس کی کارکردگی زیادہ متاثر کن نہیں رہی ہے۔

اسی بارے میں