پی ایس ایل میں سلمان بٹ کی شمولیت کا امکان

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کے آئندہ سال پاکستان سپر لیگ کھیلنے کے امکانات خاصے روشن ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کی بنا پر سلمان بٹ کا نام پاکستان سپر لیگ کی ڈرافٹنگ میں شامل کیے جانے کے امکانات خاصے روشن ہیں۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد آصف کے بارے میں یہ بات یقین سے نہیں کہی جاسکتی کہ ڈرافٹنگ میں ان کا نام شامل ہوگا یا نہیں کیونکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کے بعد انھوں نے خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ سلمان بٹ نے سپاٹ فکسنگ میں پانچ سالہ پابندی ختم ہونے کے بعد قومی ایک روزہ ٹورنامنٹ کے سات میچوں میں 107.20 کی اوسط سے536 رنز بنائے تھے جس میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں شامل تھیں۔

محمد آصف نے اسی ٹورنامنٹ میں سات میچوں میں 27 کی اوسط سے سات وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ان دونوں کرکٹرز نے اس ٹورنامنٹ میں واپڈا کی نمائندگی کی تھی۔

سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ تیسرے کرکٹر محمد عامر پہلے ہی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آ چکے ہیں اور پاکستان سپر لیگ میں انھوں نے کراچی کنگز کی نمائندگی کی تھی۔

دوسری پاکستان سپر لیگ کی مجوزہ تاریخ نو فروری سے چار مارچ ہے۔ کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ اکتوبر میں ہوگی۔

اسی بارے میں