ویلز کی تاریخی فتح، فیورٹ بیلجیئم آؤٹ

تصویر کے کاپی رائٹ

یورو کپ سنہ 2016 کےدوسرے کوارٹر فائنل میں ویلز نے بیلجیئم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جہاں اس کا مقابلہ پرتگال سے ہوگا۔

یہ پہلا موقع ہے جب ویلز نے کسی بڑے ٹورنامنٹ میں سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کیا ہے۔

یورپ کے بڑے کلبوں میں کھیلنے والے سٹار کھلاڑیوں پر مشتمل بیلجیئم کی ٹیم نے کھیل کا آغاز انتہائی شاندار انداز میں کیا اور میچ کےابتدائی لمحات میں ہی ویلز کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیے۔ بیلجیئم کے نینگولن نے میچ کے 13 ویں منٹ میں خوبصورت گول کر کے بیلجیئم کو میچ میں برتری دلوا دی۔

دوسرے کواٹرفائنل کی لمحہ بہ لمحہ صورتحال

ویلز کی ٹیم گول کے خسارے کے باوجود سنھبل کر کھیلتی رہی اور بیلجئیم کے گول پر بار بار حملے کیے اور بالآخر 31 ویں منٹ میں کپتان ایشلی ولیئم نےکارنر پر خوبصورت ہیڈر سے گول کر میچ برابر کر دیا۔ میچ کے پہلے ہاف کے اختتام پر مقابلہ ایک ایک گول سے برابر تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption سٹار کھلاڑی گیرتھ بیل یورو 2016 میں ابھی تک تین گول کر چکے ہیں

دوسرے ہاف کے شروع ہوتے ہوئے بیلجیئم نے مڈفیلڈر کریسکو کو تبدیل کر کے ماروان فلینی کو میدان میں اتارا۔ دوسری جانب ویلز نےدوسرے ہاف میں عمدہ کھیل کو جاری رکھا اور 55 ویں منٹ میں رابسن کانو نے شاندار گول کر کے ٹیم کو برتری دلوا دی۔

ویلز نے ایک برس پہلے بھی یوروکپ کے کوالیفائنگ میچ میں بیلجیئم کو ایک صفر سے ہرا دیا تھا۔ ویلز نے کوارٹر فائنل میں بیلجیئم کو ہرا کر اپنی تاریخ میں پہلی بار کسی بڑے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک کوالیفائی کیا ہے۔

ویلز نے 58 برسوں بعد کسی بڑے ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کیا ہے اور اس کا سہرا اس کے سٹار کھلاڑی گیرتھ بیل پر ہے جنھوں نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ویلز کی جانب سے کیے جانے والے کل 11 میں سے سات گول کیے اور وہ یورو کپ سنہ 2016 میں ابھی تک تین گول کر چکے ہیں۔

اسی بارے میں