یورو 2016: پرتگال فائنل میں، ویلز کا سفر ختم

رونالڈو اور گیرتھ بیل تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption ریئل میڈرڈ کے دونوں کھلاڑی جو اس میچ میں حریف تھے میچ کے بعد گلے ملے

فرانس کے شہر لیون میں یورو 2016 کے پہلے سیمی فائنل میں پرتگال نے ویلز کو دو صفر سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

میچ کے 50 ویں منٹ میں رونالڈو نے ہیڈر سے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جس کے کچھ منٹوں بعد ہی نانی نے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی۔ یہ دباؤ ویلز پر میچ کے آخر تک رہا۔

رونالڈو اور نانی کے گولوں نے پرتگال کی ٹیم میں جیسے نئی روح پھونک دی اور اس کے بعد پرتگال نے ویلز کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیے۔

میچ کا آغاز دونوں ٹیموں کی جانب سے محتاط انداز میں کیا گیا تھا اور دونوں ٹیموں کی کوشش تھی کہ اپنے حریف کو کسی قسم کا موقع فراہم نہ کیا جائے۔

پہلے ہاف کے اختتام پر میچ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔ پرتگال کے سٹار کھلاڑی رونالڈو کو دو چانس ملے تاہم وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔

دوسری جانب پہلے ہاف کے دوران ویلز نے بھی پرتگال کے گول پر حملے کیے تاہم وہ بھی گول کرنے میں ناکام رہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption رونالڈو فتح کا جشن مناتے ہوئے

یورو 2016 کا پہلا سیمی فائنل کھیل کر کرسٹیانو رونالڈو یورو چیمپیئن شپ کے تین سیمی فائنل کھیلنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے اس ٹورنامنٹ میں اب تک کے سفر پر مختصر نظر ڈالیں تو پرتگال نے میچ سے پہلے تک پانچ میچوں میں سے دو جیتے جبکہ اس کے تین میچ ڈرا رہے۔ دوسری جانب ویلز کی کارکردگی کافی بہتر رہی ہے اور اس نے بھی سیمی فائنل سے پہلے تک کھیلے گئے پانچ میچوں میں سے چار میں کامیابی حاصل کی اور ایک میں اسے شکست ہوئی۔

پرتگال نے کوارٹر فائنل میں پینلٹی شوٹ آؤٹ مرحلے میں پولینڈ کی ٹیم کو شکست دی تھی جبکہ ویلز ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم بیلجیئم کے خلاف میچ جیت کر سیمی فائنل میں پہنچا۔

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption ویلز کی ٹیم نے بھی گول کرنے کی کافی کوشش کی لیکن وہ کافی نہیں تھی

یہ پہلا موقع ہے کہ ویلز کی ٹیم کسی بھی بڑے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچی۔

اس سے قبل پرتگال اور ویلز کی ٹیمیں تین مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں جن میں پرتگال کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ ان تین میچوں میں سے پرتگال نے دو جبکہ ویلز نے ایک میچ جیتا ہے۔

یورو 2016 کا دوسرا سیمی فائنل سات جولائی کو میزبان فرانس اور جرمنی کی ٹیموں کے درمیان مارسے میں کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں