اینڈی مرے نے ومبلڈن جیت لیا

تصویر کے کاپی رائٹ ALLSPORTGetty Images
Image caption میچ جیتنے کے بعد بات کرتے ہوئے اینڈی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے

اینڈی مرے نے لندن میں جاری ٹینس کے ٹورنامنٹ ومبلڈن کے فائنل میں کینیڈا کے میلوس راونک کو ہرا کر دوسری بار ومبلڈن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

29 سالہ اینڈی مرے نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حریف کو با آسانی سٹریٹ سیٹس میں شکست دے دی۔ اینڈی مرے نے پہلا سیٹ 6-4 دوسرا 7-6 اور تیسرا بھی 7-6 سے جیتا۔

اینڈی مرے 1935 کے بعد ایک سے زیادہ بار ومبلڈن ٹائٹل اپنے نام کرنے والے پہلے برطانوی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

میچ جیتنے کے بعد بات کرتے ہوئے اینڈی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے۔

ومبلڈن کا ٹائٹل اپنے نام کرنے بارے میں برطانوی ٹینس سٹار کا کہنا تھا کہ ’ میں اس ٹرافی کو ایک بار پھر حاصل کرنے پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔‘

اینڈی مرے کا میچ کے بعد کی جانے والی جذباتی تقریر میں مزید کہنا تھا کہ ’ ہر سال یہ ٹورنامنٹ میرے لیے سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے، میں نے یہاں یادگاری لمحے گزارے ہیں اور اس کے ساتھ تکلیف دہ شکست کا سامنا بھی کیا ہے اور انہی ناکامیوں کے باعث آج کی فتح کی زیادہ خوشی محسوس ہو رہی ہے۔‘

اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل میں اینڈی نے میچ کے آغاز سے ہی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنے حریف کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔

خیال رہے کہ یہ مرے کا 11 واں گرینڈ سلیم فائنل تھا اور نواک جوکوچ اور راجر فیڈرر کے ٹورنامنٹ سے باہر ہو جانے کے باعث یہ پہلا موقع تھا جب اینڈی مرے اس فائنل میں فیورٹ کی حثیت سے حصہ لے رہے تھے۔

اس سے قبل سنیچر کو امریکی ٹینس سٹار سیرینا ولیمز نے عورتوں کے سنگلز مقابلے میں جرمنی کی انجلیک کربر کو ہرا کر اپنا ساتواں ومبلڈن ٹائٹل حاصل کر لیا اور اس کے ساتھ ہی انھوں نے سٹیفی گراف کا 22 گرینڈ سلیم مقابلے جیتنے کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔

اسی بارے میں