’لارڈز کی تاریخی جیت ایدھی کے نام ‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption مصباح الحق نے توقع ظاہر کی کہ پاکستانی ٹیم سیریز کے اگلے میچوں میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی

پاکستانی کپتان مصباح الحق نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی کو فلاحی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کے حال ہی میں وفات پانے والے بانی عبدالستار ایدھی کے نام کیا ہے۔

اتوار کو فتح کے بعد بی بی سی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ ’ایدھی صاحب نے جو ہمارے لیے کیا ہے، کامیابی ان کے نام کرنا پاکستانی قوم کی جانب سے انھیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ہے۔‘

٭ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شرٹ پر ایدھی فاؤنڈیشن کا لوگو

٭لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کی فتح

انھوں نے کہا کہ لارڈز میں جیت بحیثیت کپتان ان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔

’لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ میں جیتنا کسی بھی کپتان کے لیے ایک خصوصی فتح ہوتی ہے اور میرے لیے بھی آج کا دن تاریخی ہے۔‘

بعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصباح الحق نے توقع ظاہر کی کہ پاکستانی ٹیم سیریز کے اگلے میچوں میں مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

مصباح الحق نے یہ بھی کہا کہ ’ہم جیت تو گئے ہیں تاہم ہمیں بیٹنگ میں ڈسپلن کو مزید بہتر خصوصاً شارٹس سلیکشن کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption مصباح الحق نے لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سنچری سکور کی تھی

سابق کپتان شاہد آفریدی کی جانب سے پاکستان میں ٹیلنٹ کی عدم موجودگی کے بیان پر مصباح الحق نے کہا کہ یہ آفریدی کا ذاتی تجزیہ ہے تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں موجود ٹیلینٹ کو عالمی معیار پر لانے کے لیے مزید پالش کرنے کی ضرورت ہے۔

لارڈز ٹیسٹ کے ٹرننگ پوائنٹس کے بارے میں مصبالح الحق نے کہا کہ ’پہلی اننگز کی برتری اور دوسری اننگز میں اسد شفیق اور سرفراز کی پارٹنرشپ میچ کے ٹرننگ پوائنٹس تھے۔‘

فتح کے بعد پاکستانی ٹیم گراؤنڈ میں اس بار سجدوں کے بجائے پش اپس اور سلیوٹ کرتی دکھائی دی۔

مصباح الحق نے اس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پش اپس اور سلیوٹ ان پاکستانی فوجی جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کیے گئے ’جو ملک و قوم کے لیے زندگی قربان کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ فوجی جوانوں نے برطانیہ کے دورے سے قبل پاکستان آرمی کے زیرِاہتمام ہونے والے ٹریننگ کیمپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی بہت مدد کی تھی۔

اسی بارے میں