20 سال بعد لارڈز میں پاکستان کی شاندار جیت

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption یاسر شاہ نے میچ میں دس وکٹیں حاصل کیں

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین لارڈز کےمیدان پرکھیلےگئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے 75 رنز سے کامیابی حاصل کر کے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

پاکستان کے 283 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 207 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

٭ تفصیلی سکور کارڈ کے لیے کلک کریں

٭ لارڈز ٹیسٹ کا چوتھا دن تصاویر میں

یاسر شاہ نے دوسری اننگز میں چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے اس طرح اس میچ میں ان کی وکٹوں کی تعداد دس ہوگئی۔

انگلینڈ کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی کپتان کک تھے جو آٹھ رنز بنا کر راحت علی کے گیند پر سرفراز کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption محمد عامر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

دیگر بیٹمسمینوں میں ہیلز16، جو روٹ نو، ونس 42، بیلنس 43 ، معین علی دو اور کرس براڈ ایک اور بال تین رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

بیلنس نے پراعتماد بلے بازی کا مظاہرہ کیا تاہم وہ 43 کے انفرادی سکور پر یاسر شاہ کی پہلی وکٹ بنے۔

بیرسٹو نے بھی پاکستانی بولنگ کا جم کا مقابلہ کیا تاہم وہ 48 کے انفرادی سکور پر یاسر شاہ کا تیسرا شکار بن گئے۔

پاکستان کی طرف سے راحت علی نے تین جبکہ محمد عامر نے دو اور وہاب ریاض نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل تیسرے روز کھیل کے اختتام تک پاکستان نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے تھے اور اس طرح اس کی مجموعی برتری281 رنز ہو چکی ہے تاہم چوتھے روز صرف ایک رنز کے اضافے کے ساتھ پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

یاسر شاہ 30 اور محمد عامر ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں کو سٹورٹ براڈ نے آؤٹ کیا۔ اس میچ میں کرس ووکس نے گیارہ وکٹیں حاصل کیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption جونی بیئرسٹو نے پاکستانی بولرز کا جم کر سامنا کیا

پاکستان کے آؤٹ ہونے والوں کھلاڑیوں میں سرفراز احمد 45، اسد شفیق 49، یونس خان 29، مصباح الحق 0، اظہر علی 23، محمد حفیظ 0 اور شان مسعود 24 شامل ہیں۔ مصباح الحق آف سپنر معین علی کو چھکا لگانے کی کوشش میں باونڈری پر کیچ آؤٹ ہوگئے ۔

وہاب ریاض بغیر کوئی رنز بنائے کرس ووکس کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

دوسری اننگز میں ووکس نے چھ، براڈ نے تین اور بال نے ایک وکٹ حاصل کی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption دوسری اننگز میں بیلنس نے 43 رنز کی اننگز کھیلی

اس سے پہلے پاکستان کی پہلی اننگز میں 339 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 272 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اس طرح پاکستان کو 67 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔ فاسٹ بولر وہاب ریاض اور سپنر یاسر شاہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ انگلینڈ کے ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ سب سے کامیاب بولر رہے۔ یاسر شاہ نے 29 اووروں میں صرف 70 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

یاسر شاہ پہلے لیگ سپنر ہیں جنھوں نےگذشتہ 20 برسوں میں لارڈز کے میدان میں پہلی بار ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ پچھلی بار پاکستانی لیگ سپنر مشتاق احمد نے لارڈز میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اسی بارے میں