اولڈ ٹریفرڈ کے میدان پر دوسرا معرکہ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستانی ٹیم کسی تبدیلی کے بغیر میدان میں اترے گی

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ جمعے سے اولڈ ٹریفرڈ میں شروع ہو رہا ہے۔

چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ اس نے لارڈز میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ 75 رنز سے جیتا تھا۔

٭ ’دباؤ میں ہوں گے تو توجہ سے کھیلیں گے‘

٭ انگلینڈ اور پاکستان کی پریکٹس کی تصاویر

پاکستان کی جیت میں یاسر شاہ کی دس وکٹوں اور کپتان مصباح الحق کی سنچری نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے اعلان کردہ 14 رکنی سکواڈ میں فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن اور بین سٹوکس کو شامل کیا ہے ۔یہ دونوں فٹ نہ ہونے کے سبب پہلا ٹیسٹ نہیں کھیلے تھے۔

ان کے علاوہ لیگ سپنر عادل رشید کو بھی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اولڈ ٹریفرڈ انگلینڈ کی ٹیم کا مضبوط گڑھ رہا ہے

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے اولڈ ٹریفرڈ ٹیسٹ کے لیے پاکستان کے سابق آف سپنر ثقلین مشتاق کی خدمات بھی حاصل کی ہیں تاکہ وہ انگلش بیٹسمینوں کو سپن بولنگ کا اعتماد سے مقابلہ کرنے کے مشورے دے سکیں۔

پاکستانی ٹیم کسی تبدیلی کے بغیر میدان میں اترے گی۔

یاسر شاہ کے بارے میں ٹیم کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

جمعرات کے روز ٹیم پریکٹس کے دوران بیٹنگ کرتے ہوئے ان کے بائیں کندھے پر گیند لگی تھی جس پر ٹیم کے فزیو شین ہیز نے انھیں فوری طور پر طبی مدد فراہم کی اور پھر انھیں سکین کے لیے ہسپتال لے جایا گیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ٹیم کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ دوسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے

پاکستانی ٹیم کی انتظامیہ کے مطابق سکین رپورٹ کلیئر ہے اور یاسر شاہ دوسرا ٹیسٹ میچ کھیل سکیں گے۔

اولڈ ٹریفرڈ انگلینڈ کی ٹیم کا مضبوط گڑھ رہا ہے۔ سنہ 2001 میں پاکستان سے ٹیسٹ ہارنے کے بعد میزبان ٹیم اس میدان پر نو میں سے سات ٹیسٹ میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے اور دو ڈرا ہوئے ہیں۔

پاکستان نے اولڈ ٹریفرڈ میں سات ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں سے ایک جیتا ہے ایک میں اسے شکست ہوئی ہے، جبکہ پانچ ڈرا ہوئے ہیں۔

اسی بارے میں