’بہترین اننگز کوچ کے تکلیف دہ جملوں کا نتیجہ‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption جو روٹ نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 254 جب کہ دوسری اننگز میں 71 رنز بنائے تھے

انگلینڈ کے بیٹسمین جو روٹ نے اپنے کریئر کی بہترین اننگز کو بیٹنگ کوچ رام پرکاش کے تکلیف دہ جملوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ جو روٹ نے پاکستان کے خلاف اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 254 جب کہ دوسری اننگز میں 71 رنز بنائے۔

جو روٹ کی اس شاندار کارکردگی کی وجہ سے انگلینڈ نے پاکستان کو 330 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے کر چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔

٭ بین سٹوکس انگلش ٹیم سے ایک بار پھر باہر

٭ دوسرا ٹیسٹ انگلینڈ کا، پاکستانی بیٹنگ بری طرح ناکام

٭ ملالہ یوسف زئی کو ٹیسٹ میچ دیکھنے کی دعوت

٭ اینڈرسن، سٹوکس اور عادل رشید کی سکواڈ میں واپسی

اس شاندار کارکردگی دکھانے کے باوجود انگلینڈ کے کوچ مارک رام پرکاش نے جو روٹ سے ان کی ذہنی حکمت عملی سے متعلق سوال پوچھ کر انھیں تکلیف پہنچائی۔

رام پرکاش نے 25 سالہ بیٹسمین جو روٹ سے پوچھا ’ کیا وہ ذہنی طور پر صحیح ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption رام پرکاش نے 25 سالہ بیٹسمین جو روٹ سے پوچھا ’ کیا وہ ذہنی طور پر صحیح ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار ہیں‘

واضح رہے کہ لارڈز میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں جو روٹ نے پہلی اننگز میں 48 جب کہ دوسری اننگز میں نو رن بنا کر آؤٹ ہوئے تھے اور دونوں بار وہ غلط شارٹ کھیل کر آؤٹ ہوئے تھے۔

اس پر جو روٹ کا کہنا تھا کہ انھیں اس بات پر تکلیف پہنچی کیونکہ لارڈز میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد وہ متحرک ہو گئے تھے۔

اس حوالے سے جو روٹ کا کہنا تھا ’ میں جانتا تھا کہ مجھے اولڈ ٹریفورڈ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت تھی اور اسی لیے میں نے بہت سخت پریکٹس کی اور مارک رام پرکاش سے بات کی۔‘

جو روٹ کے مطابق رام پرکاش نے اس حوالے سے صرف اتنا کہا ’ مجھے صرف ذہنی اپروش کی ضرورت ہے کیونکہ میری بیٹنگ اچھی دکھائی دیتی ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا ’ یہ بات بالکل ایسی ہی تھی جس کی سننے کی مجھے ضرورت تھی اور اسی وجہ سے رام پرکاش ایک اچھے بیٹنگ کوچ ہیں۔‘

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ تین سے سات اگست سے ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں