راسٹن کی سنچری نے ویسٹ انڈیز کو بچا لیا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption 24 سالہ راسٹن چیز نے اپنے دوسرے ہی ٹیسٹ میچ میں 137 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی

راسٹن چیز سر گارفیلڈ سوبرز کے بعد ایک ہی ٹیسٹ میچ میں پانچ وکٹیں لینے اور سنچری سکور کرنے والے پہلے ویسٹ انڈین کرکٹر بن گئے ہیں۔

انھوں نے یہ کارنامہ انڈیا کے خلاف کنگسٹن میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انجام دیا اور ان کی سنچری نے ویسٹ انڈیز کو اس ٹیسٹ میچ میں شکست سے بھی بچا لیا۔

کھیل کے پانچویں دن میزبان ٹیم نے 48 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 246 رنز درکار تھے۔

ایسے میں 24 سالہ راسٹن چیز نے اپنے دوسرے ہی ٹیسٹ میچ میں 137 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر میچ ڈرا کر دیا۔

ویسٹ انڈیز نے دوسری ٹیسٹ کے آخری دن کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 388 رنز بنائے تھے۔

اس سے قبل انڈیا نے اپنی پہلی اننگز 500 رنز نو کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔

چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انڈیا کو پہلے ہی ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میچ کا آغاز نو اگست سے ہوگا۔

اسی بارے میں