’اظہر علی کو آؤٹ کرنا مشکل ہوجاتا ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ’رینکنگ اتنے معنی نہیں رکھتی، اپنے کھیل پہ توجہ دیتا ہوں‘

انگلش کرکٹر اور آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں سرفہرست بولر جیمز اینڈرسن نے کہا ہے کہ حالیہ دور کے پاکستانی بیٹسمینوں میں اظہر علی سب سے بہتر ہیں اور وہ بہت عرصے سے اچھی بیٹنگ کررہے ہیں۔

اوول کرکٹ گراؤنڈ لندن سے بی بی سی اردو کے خصوصی فیس بک لائیو میں بات کرتے ہوئے اینڈرسن نے کہا کہ ’اظہر کو آؤٹ کرنا ہمارے لیے مشکل ہوجاتا ہے اور اس میچ میں ان کی وکٹ سب سے اہم ہوگی‘۔

٭ جیمز اینڈرسن کے ساتھ فیس بک لائیو دیکھنے کے لیے کلک کریں

اینڈرسن نے کہا کہ اظہر ایک متوازن کھلاڑی ہیں، گراؤنڈ کے چاروں طرف شاٹس کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کے خلاف بولنگ کرنا اتنا آسان نہیں ہوتا۔

انگلینڈ اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ جمعرات سے اوول میں کھیلا جائے گا۔

اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز شروع ہوگی جس کا پہلا میچ 24 اگست کو ساؤتھ ہیمپٹن میں کھیلا جائے گا۔

جیمز اینڈرسن نے ون ڈے سیریز کے حوالے سے کہا کہ ون ڈے میچوں میں انگلینڈ کی حالیہ کارکردگی بہت اچھی رہی ہے لیکن پاکستان کے ساتھ کھیلنا اتنا آسان نہیں ہوگا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption اینڈرسن نے کہا کہ اظہر ایک متوازن کھلاڑی ہیں، گراؤنڈ کے چاروں طرف شاٹس کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں

آئی سی سی رینکنگ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ان کے لیے رینکنگ اتنے معنی نہیں رکھتی اور وہ اپنے کھیل پر توجہ دیتے ہیں۔

حالیہ دور کے بولروں کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں اینڈرسن نے کہا کہ پہلے کی نسبت اب زیادہ تیز پچیں بن رہی ہیں اور قوانین بھی اب بیٹسمین کے لیے سازگار ہیں، لیکن ان کا خیال تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ اب بھی ویسی ہی ہے جیسا کہ پہلے تھی۔

آئی سی سی بولنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان 33 سالہ اینڈرسن نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف یہ سیریز جیتنا اس لیے بھی اہمیت کی حامل ہے کہ اس سے جو انھیں اعتماد ملے گا وہ مستقبل میں انڈیا اور بنگلادیش کے خلاف سیریز میں ٹیم کی مدد کرے گا۔

اسی بارے میں