سرینا ولیمز شکست کے بعد ریو اولمپکس سے باہر

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

دفاعی چیمپیئن سرینا ولیمز ریو اولمپکس میں خواتین کے سنگل مقابلوں کے تیسرے راؤنڈ میں ہی یوکرین کی ایلینا سیویٹولینا سے ہارنے کے بعد اولمپکس سے باہر ہو گئی ہیں۔

عالمی نمبر 20 ایلینا سیویٹولینا نے امریکی ٹینس سٹار سرینا ولیمز کو چھ، چار اور چھ، تین سے شکست دی۔

خواتین کے سنگل مقابلوں کے تیسرے راؤنڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے پانچ مرتبہ ڈبل فالٹ کیا جس سے ان کی مشکل میں اضافہ ہوا اور وہ شدید کوشش کرتی دکھائی دیں۔

اس سے قبل سرینا ولیمز اور ان کے بہن وینس ولیمز کو خواتین کے ڈبلز مقابلوں میں اتوار کے روز جمہوریہ چیک کی لوشیا سیفارووا اور باربورا سٹریکووا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

سرینا ولیمز کے علاوہ ریو اولمپکس میں جس بڑے کھلاڑی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے وہ نواک جوکووچ ہیں جنھیں مردوں کے سنگل اور ڈبل مقابلوں میں شکست ہو چکی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

34 سالہ سرینا ولیمز کے اولمپکس سے باہر ہونے کے بعد سر فہرست آٹھ کھلاڑیوں میں سے صرف دو ہی ان مقابلوں میں رہ گئی ہیں جن میں انجلیک کربر اور میڈیسن کیز شامل ہیں۔

کوارٹر فائنل میچوں میں اب کربر کا مقابلہ برطانیہ کی جوہاننا کنٹین سے ہوگا۔

اسی بارے میں