اولمپکس میں پہلا تمغہ جیتنے والے ممالک

تصویر کے کاپی رائٹ GETTY IMAGES
Image caption ریو اولمپکس میں پانچ ممالک کو پہلی بار کوئی تمغہ حاصل ہوا ہے

برازیل کے شہر ریو میں جاری اولمپکس کھیلوں میں ابھی تک 71 ممالک تمغے حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں جن میں ابھی تک پاکستان یا بھارت کا نام نہیں ہے۔

اس بار بھی اولمپکس میں 200 سے زیادہ ممالک شرکت کر رہے ہیں جن میں سے بعض ایسے ہیں جنھوں نے پہلی بار طلائی یا کوئی دوسرا تمغہ حاصل کیا ہے۔

٭ میڈل کے ساتھ ساتھ شادی کی پیشکش

٭ ریو اولمپکس میں پاکستان کا سفر تمام، نجمہ پروین بھی باہر

٭ 23 طلائی تمغوں کے ساتھ مائیکل فیلپس کا الوداع

پہلی بار تمغہ جیتنے والے ممالک میں پورٹو ریکو، ویت نام، فیجی، کوسوو اور سنگاپور شامل ہیں۔

پورٹو ریکو کی مونیکا پوئگ نے ٹینس میں خواتین کا سنگلز جیت کر اپنے ملک کو پہلی بار اولمپک گولڈ میڈل دلایا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption کوسوو کو کیلمنڈی نے جوڈو کے ایک مقابلے میں طلائی تمغہ حاصل کیا

مونیکا پوئگ نے جرمنی کی اینجلیک کیربر کو براہ راست دو سیٹوں میں شکست دے کر یہ کامیابی حاصل کی۔

ویت نام کے ہوانگ شوان وين دس میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں فاتح قرار پائے اور اس طرح انھوں نے اپنے ملک کو اولمپکس کی تاریخ کا پہلا طلائی تمغہ دلوایا۔

انھوں نے یہ مقابلہ 202.5 کے سکور کے ساتھ جیتا۔

کوسوو نے بھی اولمپکس میں اپنا اکاؤنٹ کھولتے ہوئے پہلی بار کوئی تمغہ حاصل کیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption سکولنگ نے مائیکل فلپس کو شکست دے کر 100 میٹر بٹرفلائی میں طلائی تمغہ حاصل کیا

کوسوو کی مازالنڈا كلمینڈي نے جوڈو کے 52 کلوگرام درجے میں طلائی تمغہ جیت کر کوسوو کو پہلی بار یہ افتخار دلایا۔

فائنل میں انھوں نے اٹلی کی اودیتے گيے فريڈا کو شکست دی تھی۔

فیجی کی مرد رگبی ٹیم نے رگبی سیون کے مقابلے میں برطانیہ کو شکست دے کر پہلی بار کوئی گولڈ میڈل اپنے نام کیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption مونیکا پوئگ ٹینس میں خواتین کے سنگلز کی فاتح رہیں

اس جیت کے بعد فیجی کی سڑکوں پر خوب جشن منائے گئے۔ بینک، دکانیں اور کاروبار بند رہے اور لوگ سڑکوں پر ناچتے گاتے پھرے۔

سنگاپور کے جوزف سكولنگ نے سوئمنگ کے 100 میٹر بٹرفلائی مقابلے میں امریکی تیراک مائیکل فیلپس کو شکست دے کر سنگاپور کے لیے اب تک کا پہلا گولڈ میڈل حاصل کیا۔

21 سالہ سكولنگ نے 50.39 سیکنڈ میں تیراکی کا مقابلہ جیت کر نیا اولمپک ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ہوان شوانگ کا والہانہ استقبال

خیال رہے کہ مائیکل فیلپس ایک لیجنڈ ہیں اور انھیں اولمپکس کی تاریخ میں سب سے زیادہ میڈلز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

انھوں نے 23 طلائی تمغوں کے ساتھ مجموعی طور پر 28 تمغے حاصل کیے ہیں۔

خیال رہے کہ ریو سے قبل اولمپکس کمیٹی کے 206 رکن ممالک میں سے صرف 75 ممالک ہی تمغے جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے جبکہ 131 ممالک اس وقت تک کوئی بھی تمغہ حاصل نہیں کر سکے تھے۔

اسی بارے میں