پاکستان کی شاندار کارکردگی، آئرلینڈ کو 255 رنز سے شکست

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption عامر نے پہلے ہی اوور میں وکٹ لے کر آئرلینڈ پر دباؤ بڑھا دیا

ڈبلن میں کھیلے جانے والے دو میچوں کی سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 255 رنز سے شکست دے دی ہے۔

میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آئرلینڈ کو جیتنے کے لیے 338 رنز کا ہدف دیا تھا۔

جواب میں عمر گل اور عماد وسیم کی تباہ کن بولنگ کے سبب آئرلینڈ کی ساری ٹیم 23.4 اوورز میں 82 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

٭ میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

٭ پہلے ایک روزہ میچ کی تصاویر

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے 5.4 اوورز میں پانچ، عمر گل نے پانچ اوورز میں تین جبکہ محمد عامر نے چار اوورز میں ایک اور محمد نواز نے تین اوورز کرا کے ایک وکٹ حاصل کی۔

آئرلینڈ کو اننگز کے پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر سٹرلنگ کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا جنھیں عامر نے بولڈ کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption عماد وسیم نے پانچ وکٹیں حاصل کیں

اس کے بعد 22 کے مجموعی سکور پر عمر گل نے پورٹرفیلڈ 13 رنز پر بولڈ کر دیا۔

عمر گل نے اپنی دوسری وکٹ جوائس کو آؤٹ کر کے حاصل کی جو نو رنز بنا سکے جبکہ اننگز کے دسویں ہی اوور میں عمر گل نے اپنی تیسری وکٹ اوبرائن کو آؤٹ کر کے حاصل کی جو صرف چار رنز ہی بنا سکے۔

گل عمر کی تباہ کن بولنگ کے بعد عماد وسیم نے دو وکٹیں حاصل کر کے آئرش بیٹنگ لائن کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔

اس سے پہلے آئرش کپتان ولیم پوٹرفیلڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو پاکستان نے مقررہ 47 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے۔

یہ میچ بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا ہے اور اسے 47 اوورز تک محدود کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان اظہر علی اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 17 رنز بنائے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شرجیل خان نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے 152 رنز کی شاندار اننگز کھیلی

مہمان ٹیم کی جانب سے شرجیل خان نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے 152 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

محمد حفیظ اور شرجیل خان نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 90 رنز کی شراکت قائم کی۔

پاکستان کے آؤٹ ہونے والے بیٹسمینوں میں اظہر علی نے ایک، محمد حفیظ نے 37، بابر اعظم نے 29، شرجیل نے 152 اور سرفراز احمد نے صرف دو رنز بنائے۔

اس میچ کے لیے پاکستان نے حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا جو ان کے کیریئر کا پہلا ایک روزہ میچ تھا۔

ان کے علاوہ ٹیم میں تجربہ کار پاکستانی فاسٹ بولر عمر گل بھی شامل ہیں جن کی 16 ماہ کے وقفے کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

عمرگل نے اپنا آخری میچ اپریل 2015 میں بنگلہ دیش کے خلاف اس ون ڈے سیریز میں کھیلا تھا جس میں پاکستان کو تین صفر سے شکست ہوئی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 37 رنز بنائے

خیال رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کے برعکس ایک روزہ میچوں میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں رہی ہے اور اسے گذشتہ چار میں سے تین سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود پاکستانی ٹیم کے سر پر ون ڈے طرز کی کرکٹ میں عالمی درجہ بندی میں نویں نمبر پر ہونے کی وجہ سے سنہ 2017 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں شمولیت کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کی تلوار لٹک رہی ہے۔

آٹھویں نمبر پر موجود ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان اس وقت سات پوائنٹس کا فرق ہے اور پاکستان کو اپنی درجہ بندی بہتر بنانے کے لیے نہ صرف آئرلینڈ کو ان دو میچوں میں ہرانا ہوگا بلکہ انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز بھی واضح فرق سے جیتنی ہوگی۔

خیال رہے کہ انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی گذشتہ ون ڈے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرنے کے بعد پاکستان اگلے تینوں میچ ہار گیا تھا۔

اسی بارے میں