رنگارنگ تقریب میں ریو اولمپکس ختم، امریکہ سرفہرست

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں پانچ اگست سے شروع ہونے والے 31 ویں اولمپکس اتوار کی شب تین گھنٹے تک جاری رہنے والی رنگارنگ اختتامی تقریب کے ساتھ ختم ہوگئے ہیں۔

تقریب کے دوران اولمپک پرچم جاپان کے شہر ٹوکیو کے سپرد کر دیا گیا ہے سنہ 2020 میں اگلے اولمپکس منعقد ہوں گے۔

٭ تمغوں کا مکمل ٹیبل

٭ آؤ ریو چلیں: خصوصی ضمیمہ

٭ اختتامی تقریب کی تصاویر

بارش میں بھیگتے ماکارانا سٹیڈیم میں کارنیوال کی طرز پر منعقد کی جانے والی اس تقریب میں برازیل کے فن و ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔

انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے سربراہ ٹامس باخ نے کہا: ’ایک زبردست شہر میں زبردست اولمپکس منعقد کیے گئے۔ پچھلے 16 دنوں میں ایک متحد برازیل نے دنیا بھر کو تحریک فراہم کی، اور ان مشکل حالات میں سب کو زندگی سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

باخ نے 16 روزہ مقابلوں کے بعد رسمی طور پر کھیلوں کے خاتمے کا اعلان کیا۔ اس دوران 206 ملکوں سے تعلق رکھنے والے 11,303 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

اس رات کا ایک یادگار لمحہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب جاپان کے وزیرِاعظم شنزو آبے ایک بہت بڑے سبز پائپ کے اندر سے کمپیوٹر گیم کے کردار سپر ماریو کے روپ میں نمودار ہوئے۔

اس اختتامی تقریب کو دنیا بھر کے اربوں لوگوں نے ٹیلی ویژن کی سکرین پر دیکھا۔

مقابلوں کے دوران سب سے زیادہ طلائی تمغے امریکہ نے حاصل کیے جبکہ دوسرے نمبر پر برطانیہ اور چین تیسرے نمبر پر رہا۔

امریکہ نے 46 طلائی تمغوں سمیت کُل 121 تمغے جیتے۔ برطانیہ سونے کے تمغے جیتنے کے حوالے سے دوسرے نمبر پر رہا۔ برطانیہ نے 27 طلائی تمغے جیتے اور اس کے کُل تمغوں کی تعداد 67 رہی۔

ریو اولمپکس میں 1908 کے بعد برطانیہ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

لندن 2012 کے مقابلے پر امریکہ اور برطانیہ نے مجموعی طور پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ چین کو بڑا نقصان ہوا ہے اور اس نے 70 میڈلز حاصل کیے جبکہ گذشتہ اولمپکس میں اس کے تمغوں کی تعداد 88 تھی جس میں 39 طلائی تمغے تھے۔

چین نے اگرچہ برطانیہ سے زیادہ تمغے جیتے جن کی تعداد 70 رہی لیکن چین برطانیہ کے مقابلے میں ایک کم سونے کا تمغہ جیت سکا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

کھیلوں کے دوران پاکستان کوئی تمغہ حاصل نہیں کر سکا جبکہ انڈیا نے ایک چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیتا۔

اولمپکس کی اختتامی تقریب میں اولمپکس کا جھنڈا جاپان کے حوالے کیا گیا جہاں 2020 کے اولمپکس منعقد ہوں گے۔

اسی بارے میں