پاکستان کا پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ دبئی میں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں روایتی سرخ گیند کی جگہ گلابی رنگ کی گیند استعمال کی جاتی ہے

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیمیں اس سال اکتوبر میں دبئی میں ایک ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں مدمقابل ہوں گی جو دونوں ٹیموں کا ایسا پہلا ٹیسٹ میچ ہوگا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی سیریز کے مجوزہ شیڈول کے مطابق 13 سے 17 اکتوبر تک کھیلے جانے والے اس ڈے نائٹ ٹیسٹ سے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز ہوگا اور یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ ہوگا۔

٭ دن رات کا ٹیسٹ اور گلابی گیند

کرکٹ کی تاریخ کا پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ گذشتہ سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کو اس سال اکتوبر میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں ایک ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کی تجویز دی تھی۔

حکام کے مطابق ویسٹ انڈیز نے کافی سوچ بچار کے بعد اس تجویز سے اتفاق کیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption کرکٹ کی تاریخ کا پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ گذشتہ سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا تھا

ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم دبئی کے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کی تیاری کے لیے ایک ڈے نائٹ سہ روزہ میچ بھی کھیلے گی جس کی میزبانی شارجہ کو ملنے کا امکان ہے ۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی سیریز تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، تین ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ہوگی۔

پہلے دو ٹی ٹوئنٹی میچز 23 اور 24 ستمبر کو دبئی میں ہوں گے جبکہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی 27 ستمبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

ون ڈے سیریز کے پہلے دو میچ 30 ستمبر اور دو اکتوبر کو شارجہ میں ہوں گے جبکہ تیسرا ون ڈے پانچ اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

پہلا ٹیسٹ 13 سے 17 اکتوبر تک دبئی میں ہوگا۔ ابوظہبی 21 سے 25 اکتوبر تک دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 30 اکتوبر سے تین نومبر تک شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم اس سال کے آخر میں آسٹریلیا کے دورے میں بھی ایک ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ برسبین میں کھیلے گی۔

اسی بارے میں