ناٹنگم میں سیریز بچانے کا آخری موقع

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں تیسرے ایک روزہ میچ کے لیے آج ناٹنگم میں ایک دوسرے کے خلاف مدِ مقابل ہوں گی۔

پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق یہ میچ آج یعنی منگل کو شام چھ بجے شروع ہو گا۔

٭ میچ جیتنے کے لیے فائر پاور چاہیے

٭ پاکستان کا موازنہ پاکستان سے ہی ہوسکتا ہے

دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو دو صفر کی برتری حاصل ہے۔

لارڈز میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو چار وکٹوں سے جب کہ ساؤتھمپٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے ڈک ورتھ لوئس فارمولے کے تحت پاکستان کو 44 رنز سے ہرایا تھا۔

پاکستان کے لیے انگلینڈ کے خلاف یہ ون ڈے سیریز واضح فرق سے جیتنا نہایت ضروری تھا مگر سیریز کے پہلے دو میچ ہارنے کے بعد ایسا مشکل دکھائی دیتا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف سیریز ہارنے کی صورت میں پاکستان کے سر پر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کی تلوار لٹکتی رہے گی۔

پاکستان کی ٹیم اس وقت ون ڈے کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں نویں نمبر پر ہے اور ابتدائی آٹھ ٹیمیں ہیں ورلڈ کپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرتی ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین اب تک 77 ون ڈے میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 46 انگلینڈ نے جبکہ 29 پاکستان نے جیتے ہیں جبکہ دو بےنتیجہ رہے۔

اسی بارے میں