آسٹریلیا نے ٹی 20 کرکٹ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

آسٹریلیا نے سری لنکا کے خلاف تین وکٹوں پر 263 رنز بنا کر بین الاقوامی ٹی 20 کرکٹ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

ریکارڈ بنانے کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا نے سری لنکا کو مقررہ 20 اووروں میں نو وکٹوں پر صرف 178 رنز بنانے دیئے اور میچ 85 رنز سے جیت لیا۔

اس سے پہلے سری لنکا نے 2007 میں کینیا کے خلاف 260 رنز بنا کر ٹی 20 کرکٹ میں سب سے بڑی اننگز کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

تازہ ترین سکور کے لیے یہاں کلک کریں۔

اس سے صرف آٹھ روز پہلے انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف 444 رنز بنا کر ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا۔ انگلینڈ نے بھی سری لنکا کا قائم کیا ہوا ریکارڈ توڑا تھا۔

آسٹریلیا کی اننگز کے دوران آل راؤنڈر گلین میکس ویل نے صرف 65 گیندوں پر نا قابلِ شکست 145 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی طرف سے دیگر کھلاڑیوں میں ہیڈ نے 45، عثمان خواجہ نے 36 اور وارنر نے 28 رنز بنائے۔

سری لنکا کی طرف سے سینانائیکے، پریرا اور پاتھی رانا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں سری لنکا کی ٹیم مقررہ 20 اووروں میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 178 رنز بناسکی۔

سری لنکا کی طرف سے چندیمل 58 اور کاپوگیدیرا 43 رنز بنا کر نمایاں سکورر رہے۔

آسٹریلوی بالروں میں سے سٹارک اور بولینڈ نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فاکنر، ہینریکے اور زیمپا نے ایک ایک وکٹ لی۔

.

متعلقہ عنوانات