اسرائیل کے خلاف گول بال میچ، الجزائر کی ٹیم غیرحاضر

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ریو پیرالمپکس میں امریکہ اور برازیل کے مابین میچ کا منظر

بین الاقوامی پیرالمپک کمیٹی کا کہنا ہے وہ اس امر کی تفتیش کر رہی ہے کہ الجزائر کی خواتین کی گول بال ٹیم امریکہ اور اسرائیل کے خلاف میچوں کے لیے ریو کیوں نہیں پہنچ سکی۔

الجزائر کی ٹیم کے سات ارکان مبینہ طور پر ٹرانسپورٹ کے مسائل کی وجہ سے مقررہ وقت پر نہیں پہنچ سکیں۔

تاہم اس حوالے سے شک و شبہات پائے جاتے ہیں الجزائر کی ٹیم اسرائیل کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنا چاہتی تھی کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان عرصہ دراز سے کشیدگی پائی جاتی ہے۔

گول بال کے کھیل میں بصارت سے محروم کھلاڑیوں کے لیے اس میں استعمال ہونے والی گیند میں گھنٹیاں ہوتی ہیں۔

الجزائر نے جمعے کو امریکہ اور سنیچر کو اسرائیل کے خلاف میچ کھیلنا تھا، اور ٹیم کی رکن سات کھلاڑیوں نے پولینڈ میں جاری ایک ٹریننگ کیمپ کے بعد گذشتہ پیر کو ریو پہنچننا تھا۔

بین الاقوامی پیرالمپک کمیٹی کا کہنا ہے ٹیم کا کہنا ہے کہ وہ بس پکڑنے میں ناکام رہیں جس کی وجہ سے ان کی فلائیٹ بھی مس ہوگئی۔ مبینہ طور پر وہ الجزائر میں عوامی چھٹی کی وجہ سے دوبارہ بکنگ نہیں کروا سکیں۔

آئی پی سی کے ترجمان کریگ سپینس نے بی بی سی کو بتایا: ’انھوں نے ہمیں جو کچھ بتایا وہ دلچسپ ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ان کے پاس ریو پہننے کے لیے پانچ دن تھے، جو کہ اچھا خاصا وقت ہے۔ میرے ساتھ ماضی میں ایسا ہوچکا ہے اور عموما آپ 24 گھنٹوں میں یہاں پہنچ سکتے ہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption گول بال کے کھیل میں بصارت سے محروم کھلاڑیوں کے لیے اس میں استعمال ہونے والی گیند میں گھنٹیاں ہوتی ہیں

دوسری جانب اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل کا کہنا ہے کہ الجزائر کی غیرموجودگی ’اسرائیل سے ساتھ میچ سے اجتناب کرنا ہوسکتا ہے۔‘

اخبار میں اسرائیلی پرالمپک کمیٹی کے سربراہ ڈینی بن ابو کا بیان ہے کہ ’یہ ایک انتہائی شرم کی بات ہے کہ سیاست پیرالمپکس میں بھی ٹپک چکی ہے۔‘

آئی پی سی کا کہنا ہے کہ وہ حقائق کا جائزہ لیں گے اور اس کے مطابق اگلا قدم اٹھائیں گے۔

کریگ سپینس کا کہنا تھا کہ ’جیسا کہ بہت سارے لوگوں کا خیال ہے کہ یہ ایک سیاسی احتجاج ہے، ہم ان کے خلاف کوئی اقدام کر سکتے ہیں۔‘

’یہ معمولی سزا بھی ہوسکتی یا ہم گول بال ٹیم کو خارج کر سکتے ہیں۔‘

امریکہ اور اسرائیل کو میچ کھیلے بغیر ہی 0-10 کے سکور کے ساتھ میچ کے فاتح اور تین، تین پوائٹس بھی دیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں