امریکہ: گالف کے عظیم کھلاڑی آرنالڈ پامر کا انتقال

تصویر کے کاپی رائٹ epa
Image caption گالف کھیل کے ایک طویل کریئر کے دوران پامر نے دنیا بھر میں 90 سے زیادہ ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی

گالف کے عظیم امریکی کھلاڑی آرنالڈ پامر کا 87 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا ہے۔

گالف کھیل کی تاریخ میں پامر ایک عظیم کھلاڑی کے طور پر جانے جاتے تھے۔

اخبار دی پٹسبرگ پوسٹ گزیٹ کے مطابق ان کا انتقال پینسلوینیا کے یو پی ایم سی ہسپتال میں ہوا جہاں ان کا امراض قلب کا علاج چل رہا تھا۔

دی یونائٹید سٹیٹ گولف ایسوسی ایشن نے بھی اپنی ایک ٹویٹ کے ذریعے ان کی موت کی تصدیق کی ہے اور انھیں’گولف کا عظیم ترین سفارت کار بتایا ہے۔‘

گالف کھیل کے ایک طویل کریئر کے دوران پامر نے دنیا بھر میں 90 سے زیادہ ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی۔

پامر اپنے کھیل کے سبب شہرت کی ان بلندیوں پر پہنچے کہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ ان کے مداح ہوگئے جنھیں ارنی کی فوج کے نام سے جانا جاتا تھا۔ انھوں نے اس کھیل کو ٹیلی ویژن پر مقبول بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

اس دور کے معروف امریکی گولف کھلاڑی ٹائیگر وڈ نے انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ٹویٹ کیا: ’آرنالڈ آپ کی دوستی، مشورے اور خوب ہنسانے کے لیے آپ کا شکریہ۔ آپ کی انسان دوستی اور عاجزی آپ کی عظیم زندگی کا حصہ ہیں۔‘

آرنالڈ پامر سنہ 1929 میں پینسلوینیا کے علاقے لیٹروب میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد ایک مقامی کلب میں کھیل کے میدان کا نظم و نسق سنبھالتے تھے اور پھر بعد میں وہیں پر آرنالڈ گولف کھیلنے لگے۔

1950 اور 1960 کے اوائل میں وہ گالف کے ایسے کھلاڑی تھے جن کا مکمل غلبہ ہوا کرتا تھا اور اس دور کے سات مختلف سیزنز میں انھوں نے سات خطابات جیتے تھے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں