ہیٹی میں سمندری طوفان میتھیو سے تباہی، ہلاکتوں کی تعداد 900 ہو گئی ہے

ہیٹی، طوفان تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption 50 کے قریب افراد کی ہلاکت جنوبی شہر روشے آ بیتیو میں ہوئی ہے

ہیٹی میں حکام نے کہا ہے کہ میتھیو طوفان کے ہاتھوں 900 کے قریب افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔

دوسری جانب اقوامِ متحدہ کے مطابق ہلاک شدگان کی تعداد میں ان لوگوں کو شامل نہیں کیا گیا جو ملک کے ان حصوں میں ہلاک ہوئے ہیں جہاں تک طوفان کی وجہ سے ابھی رسائی حاصل نہیں ہو سکی۔

طوفان سے شدید متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان پہنچنے میں دیر ہو رہی ہے۔ امریکی امداد کی تقسیم کے لیے فوجی، ہیلی کاپٹر، بل ڈوزر، پانی ترسیل کی گاڑیاں اور طبی ساز و سامان بھیج رہا ہے۔

٭ ہیٹی میں سمندری طوفان میتھیو سے تباہی کے مناظر

طوفان اب کمزور پڑنے کے بعد امریکی مشرقی ساحل تک پہنچ گیا ہے اور اس کے باعث جارجیا اور شمالی و جنوبی کیرولائنا میں تیز ہوائیں چلی ہیں۔

منگل کو آنے والے طوفان میتھیو کے بعد جیسے جیسے امدادی کارکنوں کو جنوبی علاقوں تک رسائی حاصل ہوتی جا رہی ہے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہوتا جا رہا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ہیٹی کے دوراز علاقوں تک رسائی کے بعد سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے

ورلڈ فوڈ پروگرام کے کارلوس ویلوسو کا کہنا ہے کہ بعض متاثرہ علاقوں تک صرف سمندر یا فضائی راستوں کے ذریعے ہی پہنچا جا سکتا ہے۔

زیادہ تر ہلاکتیں ہیٹی کے جنوب مشرقی ساحل کے قریبی علاقوں میں ہوئی ہیں جہاں میتھیو بھرپور شدت کے ساتھ ٹکرایا تھا۔

میتھیو طوفان جو تیسرے درجے کے طوفان میں بدل چکا ہے اب 120 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحل کی جانب بڑھ رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق طوفان فلوریڈا کے ساحلوں سے چند گھنٹے دور رہ گیا ہے، تاہم یہ بتانا مشکل ہے کہ آیا طوفان فلوریڈا کے زمینی علاقوں پر گرے گا یا نہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ہیٹی کے شہر جیریمی میں 80 فیصد عمارتیں زمین بوس ہو چکی ہیں جبکہ جنوبی صوبے میں 30 ہزار مکانات تباہ ہوگئے

خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ طوفان فلوریڈا، جورجیا، ساؤتھ کیرولینا اور نارتھ کیرولینا کو متاثر کر سکتا ہے۔

فلوریڈا کے گورنر رک سکاٹ نے خبردار کیا ہے کہ اس عفریت کا رخ فلوریڈا کی جانب ہے اور یہ تباہ کن ہو سکتا ہے۔

گذشتہ ایک دہائی کے دوران آنے والے شدید طوفان کے باعث متاثر ہونے والے علاقوں میں امدادی کام جاری ہیں۔

طوفان کی وجہ سے ہیٹی کے شہر جیریمی میں 80 فیصد عمارتیں زمین بوس ہو چکی ہیں جبکہ جنوبی صوبے میں 30 ہزار مکانات تباہ ہو گئے ہیں۔

50 کے قریب افراد کی ہلاکت جنوبی شہر روشے آبیتیو میں ہوئی ہے۔

اسی بارے میں