کیمرون میں ٹرین حادثہ، کم از کم 53 افراد ہلاک

ٹرین حادثہ تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption عینی شاہدین کے مطابق کم از کم دس ڈبے پٹری سے اتر گئے

وسط افریقی ملک کیمرون میں وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا ہے کہ ریل گاڑی کے پٹری سے اترنے کے سبب کم از کم 53 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اس حادثے میں بہت سے افراد زخمی بھی ہوئے ہیں اور حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

یہ حادثہ اس وقت پیش آيا جب ملک کے دو سب سے بڑے شہروں يانڈے اور ڈولا کے درمیان چلنے والی ٹرین پٹری سے اتر گئي۔

اطلاعات کے مطابق یہ ٹرین مسافروں سے کھچاکھچ بھری ہوئی تھی۔ خبررساں ادارے اے پی کے مطابق معمول کے 600 مسافروں کے بجائے ٹرین میں 1300 مسافر سوار تھے۔

بی بی سی کے نامہ نگار رینڈی جو سا 'کے مطابق یہ حادثہ دونوں شہروں کے درمیان ایسیكا کے مقمام پر ہوا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption امدادی کام جاری ہے

وزیر ٹرانسپورٹ ایڈگارڈ الین میبے کے مطابق اس حادثے میں تقریبا 300 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے میں بہت سے لوگ زخمی ہوئے ہیں، بعض کے ہاتھ یا پاؤں کٹ گئے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق ٹرین کے دس ڈبے پلٹ گئے اور ان کے نیچے کئی لوگ دب گئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ٹرین میں معمول سے دوگنی بھیڑ تھی

شدید بارش اور مٹی کے تودے کے سبب دونوں شہروں کے درمیان جگہ جگہ سڑک مسدود تھی۔ اس لیے لوگ بڑی تعداد میں بسوں کے بجائے ٹرین سے سفر کر رہے تھے۔

غیر معمولی بھیڑ کے سبب ٹرین میں اضافی آٹھ ڈبے لگائے گئے تھے۔

حکومت کے ایک وزیر نے کہا ہے کہ بسوں کا راستہ بدل کر دوسرے راستے سے لے جانے کے لیے فوج کی مدد لی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں