کیلیفورنیا میں بس حادثے کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption حکام نے کہا ہے کہ ڈرائیور کی ہلاکت کے باعث حادثے کی اصل وجہ معلوم کرنا شاید ممکن نہ ہو

امریکہ میں ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی ریاست جنوبی کیلیفورنیا میں ایک ٹوور بس کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق زیادہ تر مسافروں کا تعلق لاطینی امریکہ سے ہے۔

یہ حادثہ اتوار کی صبح سیاحتی مقام پالم سپرنگ کے قریب انٹرسٹیٹ 10 شاہراہ پر پیش آیا۔ حادثے کی اصل وجہ جانے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

امدادی کارکنوں کو بس میں سوار افراد کی لاشوں کو نکالنے کے لیے سیڑیوں کا استعمال کرنا پڑا۔ زخمی ہونے والے افراد میں سے پانچ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption بس آگے جاتے ہوئے ٹرک سے ٹکرائی جس کے باعث اس کا اگلا حصہ تباہ ہوگیا

دی لاس اینجلس ٹائمز کے مطابق یہ گذشتہ کئی دہائیوں میں کیلیفورنیا میں ہونے والا سب سے مہلک حادثہ تھا۔ اخبار کے مطابق بس ہائی سپیڈ میں آگے جانے والے ٹرک سے ٹکرائی جس کے باعث بس کا اگلا حصہ تباہ ہو گیا۔

اخبار کے مطابق ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد وہ ہیں جو بس میں اگلی نشستوں پر بیٹھے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں بس کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔

حکام کے حوالے سے اخبار نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کرنے میں چند دن لگ سکتے ہیں کیونکہ ان میں سے بعض کے پاس شناختی کارڈز نہیں تھے یا پھر ہسپتال لے جاتے ہوئے ان کا سامان کھو گیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption امدادی کارکنوں کو بس میں سوار افراد کی لاشوں کو نکالنے کے لیے سیڑیوں کا استعمال کرنا پڑا

انھوں نے کہا ہے کہ ڈرائیور کی ہلاکت کے باعث حادثے کی اصل وجہ معلوم کرنا شاید ممکن نہ ہو۔

لاس اینجلس کی ایک چھوٹی مقامی کمپنی کیلیوفورنیا اور لاس ویگس کے کسینوز تک لانے لے جانے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ اس بس کا ڈرائیور بھی ٹوور کمپنی کے مالکان میں سے ایک تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں