فلپائن کے میئر پولیس کے ہاتھوں جیل میں ہلاک

مسرر ایسپینوسا (بائیں) تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption مسرر ایسپینوسا نے اگست میں خود کو پولیس کے حوالے کر دیا تھا

فلپائن میں حکام نے بتایا ہے کہ منشیات کی تجارت سے منسلک ایک میئر کو پولیس نے جیل میں گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ ان کے ساتھ ایک دوسرا قیدی بھی فائرنگ میں ہلاک ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق وسطی شہر البیورا کے میئر رونالڈو ایسپینوسا نے ان پولیس افسروں پر گولی چلائی تھی جو اسلحے کے لیے ان کی تلاشی لے رہے تھے۔

یہ ہلاکت فلپائن کے صدر روڈریگو دوتیرتے کے اس عہد کے بعد سامنے آئی ہے جس میں انھوں نے منشیات کے مشتبہ ڈیلرز کے خلاف اپنی کارروائی میں تیزی لانے کی بات کہی تھی۔

گذشتہ ہفتے 'منشیات پر کریک ڈاؤن' کے نئے مرحلے کا آغاز ہوا تھا جس کے تحت منشیات کے بڑے تاجروں اور اس سے منسلک میئرز کے خلاف بھی کارروائی شامل تھی۔

خیال رہے کہ ملک میں 'منشیات کے خلاف جنگ' میں تقریبا چار ہزار افراد مارے جا چکے ہیں۔

71 سالہ دوتیرتے مئی میں فلپائن کو 'ناروکو ریاست' بننے سے بچانے کے نام پر صدر منتخب ہوئے تھے اور انھوں نے جو خود کو حکومت کے حوالے نہیں کرتے ان منشیات کے مجرموں کے ماورائے عدالت قتل کی اجازت کی پالیسی کا اعلان کیا تھا۔

اس پالیسی کی انسانی حقوق کے گروپس کی جانب سے سخت تنقید ہوئی تھی اور انھیں امریکہ کا مخالف قرار دیا گیا تھا حالانکہ امریکہ فلپائن کا زبردست حامی رہا ہے۔

لیکن انھوں نے انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کی اور ان کی متنازع پالیسی بہت سے فلپائن باشندوں میں بہت مقبول ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption مسٹر دوتیرتے کی پالیسی کی انسانی حقوق کے گروپس کی جانب سے سخت تنقید ہوئی ہے

مسٹر ایسپینوسا کی موت کے بارے میں جانچ کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ جیل میں ان کی سیل میں اسلحہ کیسے آیا اور فائرنگ کیونکر ہوئی۔

وہ دو ہفتے میں ہلاک ہونے والے دوسرے میئر ہیں۔ اس سے قبل جنوبی فلپائن میں شمس الدین دیموکوم مبینہ طور پر ایک تصادم میں مارے گئے تھے۔

دونوں کا نام منشیات کی تجارت سے منسلک اہلکار کی فہرست میں شامل تھا جسے مسٹر دوتیرتے نے اگست میں جاری کیا تھا۔

مسرر ایسپینوسا نے اگست میں خود کو پولیس کے حوالے کر دیا تھا لیکن انھیں رہا کردیا گیا اور پھر بعد میں منشیات اور اسلحے رکھنے کے الزامات میں انھیں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا۔

اسی بارے میں