’ٹرمپ ہلیری کی ای میلز کی تحقیقات پر زور نہیں دیں گے‘

ڈونلڈ ٹرمپ اور ہیلری کلنٹن تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خاتون ترجمان نے کہا ہے کہ ٹرمپ ملک کی سابق وزیرِ خارجہ ہلیری کلنٹن کی ای میلز کی مزید تحقیقات پر زور نہیں دیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی سینئیر مشیر کیلیان کونوے کا کہنا ہے کہ ٹرمپ ہلیری کلنٹن کی ای میلز کی تفتیش کے تناظر میں ایک خصوصی پراسیکیوٹر مقرر کرنے کے اپنے وعدے سے پیچھے ہٹ جائیں گے۔

شکست کے ذمہ دار ایف بی آئی کے ڈائریکٹر: کلنٹن

ہلیری کو بےقصور قرار دیے جانے پر ٹرمپ کی ایف بی آئی پر تنقید

’ایف بی آئی کو ہلیری کی ای میلز کا بڑا ذخیرہ مل جائے گا‘

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کے صدارتی انتخاب کی مہم کے دوران ہیلری کلنٹن کو 'جیل' بھجوانے کی دھمکی دی تھی۔

ایف بی آئی نے ہیلری کلنٹن کو کلیئر کر دیا تھا تاہم ان کے نجی سرور پر تنقید کی تھی۔

کیلیان کونوے نے ایم ایس این بی سی کے مارننگ شو کے میزبان جو سکاربورو کو بتایا 'میرا خیال ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ہلیری کلنٹن کی ای میلز کی مزید تحقیقات پر زور نہیں دیں گے۔'

ان کا مزید کہنا تھا 'میرا خیال ہے کہ ہلیری کلنٹن کو اس حقیقت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کہ امریکیوں کی اکثریت انھیں ایماندار اور قابلِ بھروسہ نہیں سمجھتی ہے اور اگر ٹرمپ ہلیری کے زخم کو مندمل کرنے میں مدد کرتے ہیں تو شاید یہ اچھی بات ہے۔'

ڈونلڈ ٹرمپ نے اکتوبر میں ہونے والے دوسرے صدارتی مباحثے میں کہا تھا کہ اگر وہ صدر بن گئے تو وہ ہلیری کلنٹن کی ای میلز کی تفتیش کے تناظر میں ایک خصوصی پراسیکیوٹر مقرر کریں گے اور ان کے خلاف جرائم کی تفتیش شروع ہو جائے گی۔

اسی بارے میں