صدارتی انتخاب میں لاکھوں نے غیر قانونی طور پر ووٹ ڈالے: ڈونلڈ ٹرمپ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP/GETTY IMAGES
Image caption ہلیری کلنٹن کو ڈونلڈ ٹرمپ سے تقریباً 20 لاکھ زائد مقبول ووٹ حاصل ہوئے ہیں

امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ آٹھ نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں سے ’اگر ان افراد کو نکال دیا جائے جنھوں نے غیر قانونی طور پر ووٹ ڈالے‘ تب بھی انھیں تمام مقبول ووٹ حاصل ہیں۔

رپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈونلڈ ٹرمپ کو تمام اہم الیکٹورل ووٹ حاصل ہوئے تھے۔ تاہم انھوں نے اپنے اس دعوے کا دفاع کرنے کے لیے کوئی شواہد پیش نہیں کیے ہیں۔

ان کا یہ دعویٰ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گرین پارٹی کی صدارتی امیدوار جل سٹین نے ریاست وسکانسن میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کروانے کی درخواست جمع کروائی اور ڈونلڈ ٹرمپ کی حریف ہلیری کلنٹن کی ٹیم نے دوبارہ گنتی کی حمایت کرنے کا کہا ہے۔

ہلیری کلنٹن کو ڈونلڈ ٹرمپ سے تقریباً 20 لاکھ زائد مقبول ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔

تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخاب جیتنے کے لیے لازمی 270 الیکٹورل ووٹوں سے زائد حاصل کیے جو کہ ریاستی بنیادوں پر ہوتے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ TWITTER

نو منتخب امریکی صدر نے اپنی دیگر ٹویٹس میں لکھا کہ ’میرے لیے نام نہاد مقبول ووٹ حاصل کرنا الیکٹورل کالج سے کہیں زیادہ آسان ہوتا، اس کے لیے مجھے 15 ریاستوں کی بجائے تین یا چار ریاستوں میں مہم چلانا پڑتی۔‘

انھوں نے میڈیا پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’ریاست ورجینیا،نیو ہمپشائر اور کیلیفورنیا میں جہاں ہلیری کلنٹن نے کامیابی حاصل کی بڑی تعداد میں ووٹر فراڈ ہوا لیکن میڈیا اس مسئلے پر رپورٹ نہیں کر رہا۔‘

اس سے قبل اتوار کو ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک حریف ہلیری کلنٹن کو یاد دلایا تھا کہ انھوں نے صدارتی مباحثوں میں رائے عامہ کے نتائج کو تسلیم کرنے کا کہا تھا اور وہ پہلے ہی اپنی شکست کو تسلیم کر چکی ہیں۔

واضح رہے کہ اس وقت ہلیری کلنٹن نے انتخابی نتائج کو ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تسلیم نہ کرنے کے بیان پر ایسا رد عمل ظاہر کیا تھا۔

اسی بارے میں