مچھلیوں کی ’بے حرمتی‘ پر پارک بند

جاپانی تھیم پارک
Image caption سپیس ورلڈ' نامی اس تھیم پارک کا افتتاح گذشتہ ماہ ہوا تھا

جاپان میں ایک تفریحی تھِیم پارک میں برف کے فرش پر سکیٹنگ کی سہولت کو ان شکایات کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے کہ اس سے برف کے نیچے دبی ہوئی منجمند مچھلیوں کی ’بے ادبی‘ ہو رہی تھی۔

جاپان کے جنوبی شہر کتایکویاشو میں واقع ’سپیس ورلڈ‘ نامی اس تھیم پارک کا افتتاح گذشتہ ماہ ہوا تھا اور وہاں پانی اور برف میں تفریح کا سامان مہیا کیا گیا تھا۔

اس مقصد کے لیے پارک کے مرکز میں جو برف کا فرش بنایا گیا تھا اس کے نیچے پانچ ہزار مردہ مچھلیاں منجمند کی گئی تھیں۔

افتتاح کے فوراّ بعد انٹرنیٹ پر منجمند مچھلیوں کے استعمال پر پارک کی انتظامیہ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ گیا تھا، اور انتظامیہ نے اس پر معذرت بھی کر لی تھی۔

انتظامیہ نے اپنی وضاحت میں یہ بھی کہا تھا کہ ان مچھلیوں کو فرش کے نیچے رکھنے کے لیے مارا نہیں گیا تھا بلکہ اس مقصد کے لیے مردہ مچھلیاں استعمال کی گئی ہیں۔

اپنی ویب سائٹ پر ’سپیس ورلڈ‘ کا کہنا تھا کہ ’ ہمیں کئی شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں لوگوں کا کہنا تھا کہ انھیں تفریح کے لیے جانوروں کا استعمال اچھا نہیں لگا اور اس میں ییچاری مچھلیوں کو تفریح کی بھینٹ چڑھایا گیا ہے۔

پارک کے جنرل مینجر نے کہا کہ انھیں اپنی غلطی کا احاس ہو گیا ہے اور وہ اب منجمند مچھلیوں کی آخری رسومات کا اہتمام کریں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter
Image caption برف کے فرش میں مچطلیوں کے علاوہ دیگر سمندری جانور بھی دکھائی دیے تھے

تھیم پارک کے فیس بُک صفحے پر شائع کی جانے والی تصاویر میں آپ ایسی مچھلیاں دیکھ سکتے تھے جو آدھی برف کے اندر دھنسی ہوئی تھیں اور آدھی باہر تھیں۔ اس کے علاوہ کچھ مچھلیاں ایسی بھی تھیں جو سر کے بل برف میں گڑھی ہوئی تھیں۔ اب یہ تمام تصاویر فیس بُک سے ہٹا دی گئی ہیں۔

برف کے فرش میں سمندری کیکڑے اور دیگر آبی جانور بھی دیکھے جا سکتے تھے، تاہم پارک کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ یہ جانور اصلی نہیں تھے بلکہ ان کی جگہ تصاویر اس طرح لگائی گئی تھیں کہ وہ اصلی معلوم ہوتے تھے۔

انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ انھوں نے مذکورہ مردہ مچھلیاں خصوصی طور پر تھوک میں خریدی تھیں اور وہ اُس وقت بھی کھانے کے قابل نہیں تھیں۔

پارک کی ویب سائٹ پر گذشتہ دنوں میں لوگوں کے تنقیدی کلمات کی بھرمار ہو گئی تھی۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ ’آخر آپ لوگ سوچ کیا رہے تھے؟ ایک پارک میں تفریح کے لیے مردہ مچھلیاں استعمال کرنا کہاں کی عقلمندی ہے۔‘

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پارک کی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ برف کے فرش کو اتوار کو بند کر دیا گیا ہے اور وہ اب وہاں سے مچھلیوں کو نکال دیں گے۔

اسی بارے میں