چلی میں زلزلہ پر سونامی کا خطرہ ٹل گیا

چلی سونامی تصویر کے کاپی رائٹ AFP

لاطینی امریکہ کے ملک چلی کے جنوب مغرب میں 7۔7 شدت کے زلزلے کے بعد جاری کی جانے والی سونامی کی وارننگ ختم کر دی گئی ہے۔

امریکی ارضیاتی مرکز (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کا مرکز جنوبی چلی میں پیورٹو مونٹ کے جنوب مغرب میں 225 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔

ارضیاتی مرکز کے مطابق اس کی گہرائی 15 کلومیٹر تھی۔

چلی کے ہنگامی حالات سے نمٹنے والے قومی ادارے کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں لوس لاگوس کے ساحلی علاقوں سے انخلا کا حکم جاری کیا گیا تھا۔

انتباہی بیان کے مطابق بیوبیو، لوس ریوس اور ایسن کے ساحلی علاقے خالی کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔

دی پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر کا کہنا ہے کہ زلزلے کے مرکز سے 1000 کلومیٹر کے فاصلے خطرناک لہریں ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتی ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

تاہم بعد میں ایک اور پیغام کے ذریعے کہا گیا کہ ’تمام معلومات کی بنیاد پر اس زلزلے کے بعد پیدا ہونے والا سونامی کا خطرہ ٹل گیا ہے۔‘

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق زلزلے کے بعد کوئلون قصبے کے رہائشی بھی محفوظ مقامات پر نقل مکانی کر رہے ہیں۔

ایک رہائشی جو اپنا گھر چھوڑ رہے تھے ان کا کہنا تھا کہ 'میں یہاں دس سال رہا اور کبھی بھی ایسا محسوس نہیں کیا۔'

اسی بارے میں