آسٹریلیا کی تاریخ میں منشیات برآمدگی کا سب سے بڑا واقعہ

تصویر کے کاپی رائٹ AUSTRALIAN FEDERAL POLICE
Image caption خیال کیا جا رہا ہے کہ پکری جانے والی کوکین جنوبی امریکہ میں تیار ہوئی

آسٹریلیا میں پندرہ افراد کو بڑی مقدار میں کوکین سمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

حکام نے سڈنی کے نزدیک کرسمس کے دن 500 کلوگرام کوکین سے لدی ہوئی کشتی پکڑی تھی جس میں تین افراد بھی سوار تھے۔ اگلے چند دنوں میں مزید بارہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

اگر ان افراد پر ملک میں کوکین لانے کا الزام ثابت ہو جاتا ہے تو ان کو عمر قید کی سزا مل سکتی ہے۔

آسٹریلین فیڈرل پولیس کے قائم مقام کمشنر کرس شیہان کے مطابق 'ملک کی تاریخ میں اس سے بڑی مقدار میں کوکین کبھی نہیں پکڑی گئی۔'

قائم مقام کمشنر کے مطابق ان افراد کی پہنچ کافی آگے تک تھی اور یہ ایک بہت منظم جرائم پیشہ گروہ سے تعلق رکھتے ہیں۔

'ہم نے اوپر سے نیچے تک پورے گروہ کو ختم کردیا ہے۔'

نیو ساؤتھ ویلز کے اسسٹنٹ کمشنر مارک جینکنز نے بتایا کہ ان کے ادارے کو ڈھائی سال قبل ایک چھوٹی سے اطلاع فراہم کی گئی تھی جس کے بعد ان کے ادارے نے ہزاروں گھنٹے کام کر کے اس مشن کو پایہ تکمیل پہنچایا ہے۔

' میں پوری کمیونٹی کا مدد کرنے کے لیے شکریہ ادا کرتا ہوں۔'

تصویر کے کاپی رائٹ AUSTRALIAN FEDERAL POLICE
Image caption حکام کو ڈھائی سال قبل ایک چھوٹی سے اطلاع فراہم کی گئی تھی جس کے بعد منشیات کو سمگل کرنے والے گروہ کے خلاف مشن کا آغاز ہوا

چند روز قبل حکام نے 600 کلوگرام کوکین ٹاہیٹی سے پکڑی تھی جس کو آسٹریلیا بھیجا جا رہا تھا۔ خیال ہے کہ یہ کوکین جنوبی امریکہ سے آسٹریلیا بھیجی گئی تھی۔

مقامی میڈیا نے خبر دی ہے کے گرفتار افراد میں سے ایک شخص نیشنل رگبی لیگ کا سابق کھلاڑی بھی ہے۔

اسی بارے میں