’جب گھر سے باہر جانا چاہا تو دروازے کی جگہ دیوار بن چکی تھی‘

دروازہ تصویر کے کاپی رائٹ Thinkstock

جرمنی میں ایک شخص نے جب اپنے گھر سے باہر جانے کی کوشش کی تو مرکزی دروازے کی جگہ دیوار کو پایا۔

پولیس نے مقامی میڈیا کو بتایا ہے کہ افنباخ ضلع کے قریب نامعلوم افراد نے رات کے وقت مکان کے مرکزی دروازے کے آگے اینٹوں کی دیوار تعمیر کی۔

ان کا کہنا ہے کہ اس دیوار کو تعمیر کرنے کا مقصد تو واضح نہیں تاہم اسے منٹوں کے اندر اندر تعمیر کیا گیا ہو گا۔ ممکن ہے یہ کوئی مذاق ہو، بدلا یا کسی شرط کا نتیجہ ہو۔‘

پولیس کئی افراد کو اس حوالے سے تلاش کر رہی ہے، جبکہ جائیداد کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ 425 پاؤنڈ لگایا گیا ہے۔

مقامی نیوز پورٹل ہسینشو سے بات کرتے ہوئے پولیس ترجمان نے کہا کہ ’اس سے مجھے دیوار برلن کی یاد آ گئی، وہ بھی انتہائی تیزی سے تعمیر کی گئی تھی۔‘

تاہم ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ ایک جرم ہے نہ کے کوئی مذاق۔‘

متعلقہ عنوانات