امریکہ میں ووٹنگ مشینوں اور ڈیٹابیس کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات

جانسن تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکریٹری جے جانسن کا کہنا تھا کہ وہ امریکی انتخابی نظام کو انتہائی اہم اثاثے کا درجہ دے رہے ہیں

امریکہ کے محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کا کہنا ہے وہ ملک کی ووٹنگ مشینوں اور ڈیٹابیس کو سائبر حملوں سے بچاؤ کے لیے ان کے تحفظ میں اضافہ کر رہی ہے۔

جمعے کو امریکی کے ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکریٹری جے جانسن کا کہنا تھا کہ وہ امریکی انتخابی نظام کو انتہائی اہم اثاثے کا درجہ دے رہے ہیں جس سے وفاق کی جانب سے ریاستوں کو انتخابی نظام کو خلل سے محفوظ رکھنے میں مزید مدد ملے گی۔

امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پرس کے مطابق جے جانسن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں انتخابات کے انتہائی اہم کردار کے پیش نظر یہ واضح ہے کہ انتخابات کا مخصوص نظام اور اثاثہ انتہائی اہم انفراسٹرکچر کے تعریف پر پورا اترتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجود وقت میں انھیں یہ درجہ دینا بالکل ایک صحیح اقدام ہے۔

اس فیصلے کا اعلان اسی دن سامنے آیا ہے جب امریکی انٹیلی جنس کے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سنہ 2016 کے انتخاب میں روسی صدر ولادی میر پوتن نے انتخاب پر اثرانداز ہونے کا 'حکم دیا تھا۔'

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روسی انٹیلی جنس اداروں نے 'کئی امریکی ریاستوں اور مقامی الیکٹورل بورڈ تک رسائی حاصل کی۔' تاہم کسی بھی متاثرہ نظام سے ووٹوں کی گنتی متاثر نہیں ہوئی۔

سنہ 2013 میں ایک‌ صدارتی حکم نامے میں 16 شعبہ جات کو انتہائی اہم اثاثے قرار دیا گیا تھا جن میں توانائی، معاشی سہولیات، صحت، ٹرانسپورٹ، خوراک، کاشتکاری اور مواصلات شامل تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption امریکی انتخابات میں ہیکنگ کا الزام روس پر عائد کیا جاتا ہے

جمعے کو اس کام کی ذمہ داری ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکریٹری کو سونپی گئی ہے جو سائبرحملوں سمیت دیگر خطرات کی شناخت کریں گے۔

ایسے اقدامات کے لیے صدارتی حکم کی ضرورت نہیں ہے اور صرف سیکریٹری پہلے صدر کے ساتھ ہوم لینڈ سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے لیے مشاورت کرتا ہے۔

دوسری جانب ریاست جورجیا کے سیکریٹری داخلہ برائن پی کیمپ جو ڈیموکریٹس کے یو ایس الیکشن انفراسٹرکچر سائبر سکیورٹی ورکنگ گروپ کے رکن بھی ہیں، نے اس کی مخالفت کی ہے۔ برائن پی کیمپ کا کہنا ہے کہ وفاق کی زیادہ نگرانی سے نظام کو خطرے کا زیادہ سامنا ہوگا اور محفوظ شدہ ریکارڈ تک زیادہ لوگوں کی رسائی ہوگی۔

اسی بارے میں