آسٹریلیا: خام لوہے کی قیمت کمی کا امکان، کان کن کمپنیوں کے حصص گر گئے

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption آسٹریلیا دنیا میں سب سے زیادہ خام لوہا برآمد کرنے والا ملک ہے

آسٹریلیا کی حکومت کی خام لوہے کی قیمت میں کمی کی پیشگوئی کے بعد ملک میں کان کنی کی کمپنیز کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

حکومت کے مطابق ایک ٹن خام لوہے کی قیمت اگلے سال تک اپنی موجودہ قیمت 80 ڈالر سے گر کر 46 ڈالر تک پہنچ جائیگی۔

موجودہ قیمت کی بڑی وجہ چین کی طرف سے خام لوہے کی طلب ہے لیکن ڈپارٹمنٹ آف انڈسٹری انویشن اینڈ سائنس کے مطابق یہ طلب آنے والے سالوں میں کم ہو جائیگی۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا دنیا میں سب سے زیادہ خام لوہا فراہم کرنے والا ملک ہے۔

گذشتہ برس کے آغاز میں بھی حکومت نے پیشگوئی کی تھی کہ خام لوہے کی قیمت 44 ڈالر تک گر جائیگی لیکن چین کی طرف سے مسلسل طلب کی بنا پر خام لوہے کی فی ٹن قیمت 80 ڈالر سے اوپر رہی۔

آسٹریلیا کے علاوہ روس، برازیل، چین اور امریکہ دنیا میں سب سے زیادہ خام لوہا فراہم کرنے والے ممالک ہیں۔