ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد اٹارنی جنرل کی سینیٹ میں مخالفت

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد کردہ اٹارنی جنرل جیف سیشنز نے ان الزامات کی تردید کی ہے کہ وہ امریکہ کی نسل پرست تنظیم 'کو کلکس کلان' سے ہمدردی رکھتے ہیں۔

سینیٹ میں اپنی نامزدگی کے حوالے سے ہونے والے سماعت میں جیف سیشنز نے کہا کہ وہ ہیلری کلنٹن کےخلاف ہونے والی کسی بھی ممکنہ تحقیق سے خود کو علیحدہ رکھیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران بارہا کہا تھا کہ اگر وہ صدر منتخب ہو گئے تو ہیلری کلنٹن کو جیل بھیج دیں گے۔

ایک ڈیموکریٹ سینیٹر نے جیف سیشنز کی نامزدگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

امریکی سینیٹ میں نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے سینیٹر جیف سیشنز کی بطور اٹارنی جنرل نامزدگی کی مخالفت کی جا رہی ہے۔

الباما سے 69 سالہ سینیٹر جیف سیشنز کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ امریکہ کی موجودہ سینیٹ کے سب سے قدامت پسند سینیٹر ہیں اور جب ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران مسلمانوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی کے حوالے بیان دیا تھا، تو ڈونالڈ ٹرمپ کے بیان کا دفاع کرنے کی کوشش کی تھی۔

جیف سیشنز کی نامزدگی پر امریکی سینٹ میں بحث شروع ہو چکی ہیں۔ ڈیموکریٹ پارٹی کے سینیٹرجیف سیشنز کی نامزدگی کی مخالفت کر رہے ہیں لیکن سینیٹ میں عددی اکثریت ریپبلکن سینٹروں کی ہے اور قومی امید ہے کہ سینیٹ جیف سیشنز کی نامزدگی کی تائید کر دے گی۔

جیف سیشنز نے صدر اوباما کے دور میں اس تجویز کی بھی کھل کر مخالفت کی تھے جس میں تجویز کیاگیا تھا کہ امریکہ میں لمبے عرصے سے مقیم غیرقانونی تارکین وطن کو شہریت دے دی جائے۔

جیف سیشنز پچھلے دو عشروں سے سینیٹ کے رکن ہے۔ البتہ سینیٹ کی جوڈیشیل کمیٹی نے 1986 میں ان کی بطور جج نامزدگی کی تائید نہیں کی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Chip Somodevilla

جیف سیشنز پر الزام تھا کہ انھوں نے اپنے ایک سیاہ فام اسسٹنٹ اٹارنی کو 'بوائے' کہہ کر پکارا تھا اور اسے مشورہ دیا تھا کہ وہ سفید فام لوگوں سے اچھا طرح پیش آیا کرے۔ جیف سیشنز نے اس الزام کی تردید کی تھی۔

امریکہ میں اٹارنی جنرل کا عہدہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اٹارنی جنرل نہ صرف امریکہ کا سب سے اعلیٰ پراسیکیوٹر ہوتا ہے بلکہ وہ تمام قانونی معاملات پر صدر کا سب سے اعلیٰ مشیر بھی سمجھا جاتا ہے۔

سینیٹر رچرڈ شیلبی اور سینیٹر سوزن کولننز جیسے ریپبلکن سینیٹر جنھوں نے جیف سیشنز کے ساتھ لمبے عرصے تک کام کیا ہے، وہ اس الزام کی تردید کرتے ہیں کہ جیف سیشنز نسل پرست ہیں۔

جیف سیشنز ہم جنس پرستانہ شادیوں کے بھی مخالف سمجھے جاتے ہیں۔