’میرکل کی تباہ کن غلطی، تارکین وطن کو داخلے کی اجازت‘

تصویر کے کاپی رائٹ The times

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی جانب سے 10 لاکھ سے زائد تارکینِ وطن کو جرمنی میں داخلے کی اجازت دینے کے فیصلے کو ایک 'بڑی غلطی' قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مسز میرکل یورپ کی اہم لیڈر ہیں اور یورپی یونین کے لیے جرمنی اہم ذریعہ ہے۔

٭’امید ہے ٹرمپ روس کے خلاف ڈٹ جانے پر تیار ہوں گے‘

٭ٹرمپ ’روس اور چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں'

انھوں نے ان خیالات کا اظہار نیویارک میں موجود اپنے دفتر ٹرمپ ٹاور میں جرمن اور برطانوی اخبارات کے ساتھ اپنی خارجہ پالیسی کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کیا۔

مسٹر ٹرمپ نے دی ٹائمز اینڈ بلڈ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ترجیحات امریکہ کے لیے شفاف تجارت کے معاہدے کرنا اور اس کی سرحدوں کو محفوظ بنانا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکہ کو دیگر دنیا کے ساتھ اپنے تجارتی خسارے پر بات کرنا ہو گی خاص طور پر چین کے ساتھ۔

انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی انتظامیہ فری ٹریڈ کے بجائے سمارٹ ٹریڈ کو ترجیح دے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption گذشتہ برس نومبر میں جرمن چانسلر نے امید ظاہر کی تھی کہ نو منتخب امریکی صدر ٹرمپ روس کے ساتھ نمٹنے کے لیے صرف عملی سیاست کی اپروچ نہیں اپنائیں گے

جب ان سے روس کے ساتھ ممکنہ معاہدوں کے بارے میں پوچھا گیا تو مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ جوہری ہتھیار اس کا حصہ ہوں گے اور انھیں امریکی پابندیاں ختم کرنے کے بدلے میں نمایاں طور پر کم کیا جائے گا۔

نومنتخب امریکی صدر نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عراق پر سنہ 2003 میں کی جانے والی چڑھائی بدترین فیصلہ تھا۔

مسٹر ٹرمپ نے برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے فیصلے کی تعریف کی۔

'ملک اپنی شناخت چاہتے ہیں اور برطانیہ اپنی شناخت چاہتا تھا۔'

نومنتخب امریکی صدر نے جرمن چانسلر کے حوالے سے کہا کہ انھوں نے غیرقانونی افراد کو اپنے ملک میں داخلے کی اجازت دے کر ایک تباہ کن غلطی کی ہے۔

اسی بارے میں