اورلینڈو نائٹ کلب کے حملہ آور کی بیوی گرفتار

اورلینڈو تصویر کے کاپی رائٹ REUTERS
Image caption یہ امریکہ کی تاریخ میں شوٹنگ کا بدترین واقعہ تھا

امریکی حکام کے مطابق ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو کے نائٹ کلب میں 49 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دینے والے شخص کی بیوی کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

نور سلمان کو ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں گرفتار کیا گیا۔ ان پر اپنے شوہر عمر متین کی مدد کرنے اور قانون کا راستہ روکنے کا الزام ہے۔

توقع ہے کہ انھیں ریاست بدر کر کے فلوریڈا بھیج دیا جائے گا جہاں ان پر فردِ جرم عائد کی جائے گی۔

عمر متین نے پچھلے برس 12 جون کو ہم جنس پرستوں کے ’پلس‘ نامی کلب پر حملے کے دوران دولتِ اسلامیہ سے اطاعت کا اقرار کیا تھا۔

پولیس نے نور سلمان سے گذشتہ سال پوچھ گچھ کے دوران دریافت کیا تھا کہ آیا انھیں اپنے شوہر کے منصوبے کا پہلے سے علم تھا۔ انھوں نے امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کو بتایا تھا کہ عمر متین حملے سے قبل انتہاپسندانہ مذہبی رجحانات کی طرف مائل ہونے لگے تھے۔

عمر متین نے تین گھنٹے سے زیادہ عرصے تک جاری رہنے والے حملے کے دوران دولتِ اسلامیہ کی اطاعت کا اعلان کیا تھا۔

حملے کے بعد نور سلمان فلوریڈا چھوڑ کر سان فرانسسکو آ گئی تھیں۔ توقع ہے کہ انھیں منگل کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے اٹارنی جنرل لوریٹا لِنچ نے امریکی ٹیلی ویژن ایم ایس این بی سی کو بتایا کہ 'ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ ہم اس کیس کے ہر پہلو کا جائزہ لیں گے، حملہ آور کی زندگی کے ہر پہلو کے بارے میں تفتیش کریں گے، تاکہ نہ صرف یہ معلوم ہو سکے کہ انھوں نے یہ قدم کیوں اٹھایا، بلکہ یہ بھی کہ اس بارے میں اور کون جانتا تھا، کیا کوئی اور بھی ملوث تھا، اور کیا اس معاملے میں کسی اور کا احتساب ہونا باقی ہے۔'

29 سالہ عمر متین اورلینڈو شہر کے دو گھنٹے کے فاصلے پر واقع قصبے فورٹ پیئرس میں رہتے تھے۔

ان کے والد صدیق متین نے کہا تھا کہ ان کا بیٹا میامی شہر میں دو مردوں کو ایک دوسرے کو بوسہ دیتے دیکھ کر 'سخت مشتعل' ہو گیا تھا۔

اسی بارے میں