اٹلی حادثہ: ’امدادی کارکنوں کو زندگی کے آثار نہیں ملے‘

اٹلی میں زلزلے کے بعد امدادی کارروائیاں تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

اٹلی میں امدادی کارکنوں کے مطابق ابروتزو کے علاقے میں زلزلے کے بعد ایک ہوٹل پر برفانی تودہ گرا ہے جس کے بعد وہاں سے تین لاشیں نکالی گئی ہیں اور دیگر 35 افراد کی تلاش ابھی جاری ہے۔

ابروتزو کے علاقے میں ریگوپیانو ہوٹل پر برفانی تودہ گرنے کے بعد زلزلے کے جھٹکوں اور شدید برفباری کے باعث امدادی کاموں میں دشواری ہو رہی ہے۔

اٹلی میں ایک بار پھر زلزلہ، متعدد افراد زخمی

اٹلی زلزلہ: ہزاروں افراد کا عارضی مراکز میں قیام

امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ملبے سے انھیں کوئی آواز سنائی نہیں دے رہی ہے جبکہ سراغ رساں کتے بھی اطلاعات کے مطابق متاثرین تک لے جانے میں ناکام رہے ہیں۔

جس وقت برفانی تودہ گرا تو دو افراد ہوٹل کے باہر تھے جو بچنے میں کامیاب رہے۔

واضح رہے کہ ابروتزو کے علاقے میں بدھ کو زلزلہ آیا تھا اور خیال کیا جارہا ہے کہ یہی برفانی تودہ گرنے کا سبب بنا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption امدادی کارکنوں کے مطابق ہوٹل میں سیاح اور عملے کے اراکین موجود تھے

کوہ گرین سسو کے قریب واقع اس ہوٹل میں بدھ کی رات سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ریسکیو ٹیم کے سربراہ انتونیو کروسیتا کا کہنا ہے کہ'بہت ساری ہلاکتیں ہوئی ہیں۔‘

مقامی میڈیا کے مطابق ہوٹل میں تین بچے بھی قیام پذیر تھے اور ہلاک ہونے والے افراد میں یہ بھی شامل ہیں۔

تاہم دیگر حکام کا کہنا ہے کہ ابھی ہلاکتوں کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption فائر بریگیڈ کے ترجمان کے مطابق امدادی کارکنوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے متاثرہ مقام پر اتارا گیا ہے

فائر بریگیڈ کے ترجمان کے مطابق امدادی کارکنوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے متاثرہ مقام پر اتارا گیا ہے اور انھوں نے وہاں امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

برفانی تودے سے چھت کا کچھ حصہ گر گیا اور مقامی افراد نے فرنڈولا میں امدادی ہنگامی سروسز کو مطلع کیا۔

تاہم برفباری کے باعث امدادی کارکنوں کو ہوٹل تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا رہا اور اطالوی میڈیا کا کہنا ہے کہ امدادی کارکن مقامی وقت کے مطابق منگل کی صبح چار بجے پہنچے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption برفباری کے باعث امدادی کارکنوں کو ہوٹل تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا رہا

خیال رہے کہ وسطی اٹلی کے اس پہاڑی علاقے میں بدھ کو چار بار زلزلہ آیا تھا اور اس کے بعد بھی ہلکے جھٹکے محسوس کیے جاتے رہے تھے۔

یہ زلزلہ ایک ایسے وقت میں آیا جب ابروتزو، مارشے، لازیو کے علاقے میں کئی دنوں سے شدید برفباری جاری ہے۔

بہت سارے دیہات تک رسائی میں بھی مشکلات درپیش ہیں۔

علاقے میں پہلے ہی ایک شخص لاپتہ اور ایک اور شخص کی ہلاکت کی اطلاعات تھیں۔

گذشتہ سال اگست میں اسی علاقے میں آنے والے زلزلے میں 298 افراد کی ہلاکت ہوئی تھی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں