ٹرمپ حکم نامے جاری کرتے رہیں، امریکہ میں تشدد کی واپسی نہیں ہو گی: جان مکین

جان مکین تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption جان مکین ماضی میں رپبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار بھی رہ چکے ہیں

امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے سربراہ سینیٹر جان مکین نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ جتنے مرضی حکم ناموں پر دستخط کرتے رہیں، قانون اپنی جگہ موجود ہے اور امریکہ میں تشدد کی واپسی نہیں ہو گی۔

ماضی میں سابق صدر اوباما کے خلاف صدارتی انتخاب لڑنے والے ریپبلکن سینیٹر مکین کا یہ بیان ان اطلاعات کے ردعمل میں آیا ہے جن کے مطابق صدر ٹرمپ تفتتیشی پالیسیوں کے جائزے کے لیے ایک صدارتی حکم جاری کرنے والے ہیں۔

میں ٹارچر پر یقین رکھتا ہوں: ڈونلڈ ٹرمپ

سی آئی اے کو تشدد کے طریقے بتانے پر ماہرینِ نفسیات پر مقدمہ

صدر ٹرمپ نے امریکی ٹی وی چینل اے بی سی نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ تشدد کرنے پر یقین رکھتے ہیں کیونکہ 'آگ کا مقابلہ آگ سے ہی کیا جا سکتا ہے'۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ ایسے کام کر رہی ہے جو کہ ہم نے آج تک نہیں سنے، تو کیا میں واٹر بورڈنگ پر یقین نہیں رکھ سکتا؟'

اس معاملے پر اپنے ردعمل میں واشنگٹن سے جاری کیے گئے بیان میں جان مکین نے کہا کہ جون 2015 میں امریکی سینیٹ نے نیشنل ڈیفینس آتھرائزیشن ایکٹ میں ایک ترمیم کی تھی جس میں یقینی بنایا گیا تھا کہ صرف وہی تفتیش کے لیے وہی تکنیک استعمال ہو سکے جس کا ذکر آرمی فیلڈ مینوئل میں ہے اور اس کے نتیجے میں تشدد کی ممانعت کی گئی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption صدر ٹرمپ نے امریکی ٹی وی چینل اے بی سی نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ تشدد کرنے پر یقین رکھتے ہیں

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی فوج کے فیلڈ مینوئل میں تفتیش کے لیے واٹربورڈنگ اور اس جیسے دیگر پرتشدد حربے استعمال کرنے کی اجازت نہیں اور اس مینوئل میں کسی بھی تبدیلی کے لیے ضروری ہے کہ وہ ترمیم لاگو ہونے سے ایک ماہ قبل عوامی جائزے کے لیے پیش کی جائے۔

آرمڈ سروسز کمیٹی کے سربراہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ سی آئی اے کے نئے ڈائریکٹر مائیک پومپیو انھیں یقین دلا چکے ہیں کہ وہ آرمی فیلڈ مینوئل کی پاسداری کریں گے کیونکہ وہ سی آئی اے سمیت تمام امریکی ایجنسیوں پر لاگو ہوتا ہے۔

جان مکین کے مطابق ان کی کمیٹی کے تحریری سوالات کا جواب دیتے ہوئے امریکی وزیرِ دفاع جیمز میٹس نے بھی کہا ہے کہ وہ 'امریکی فوج میں تفتیش کے لیے آرمی فیلڈ مینوئل کو واحد معیار کے طور پر استعمال کرنے کے حامی ہیں۔'

سینیٹر مکین نے اپنے بیان میں امید ظاہر کی ہے کہ یہ رہنما زبان کے پکے ثابت ہوں گے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں