اسرائیل کا مغربی کنارے پر 2500 مکانات کی تعمیر کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ڈونلڈ ٹرمپ نے اشارہ دیا تھا کہ وہ ان یہودی بستوں کے لیے ہمدردی رکھتے ہیں

اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے پر 2500 مکانات پر مشتمل مزید یہودی بستیاں تعمیر کرے گا۔

اسرائیلی وزیر دفاع ایوگدور لیبرمین اور وزیرِ اعظم بن یامین نتن یاہو کا کہنا ہے کہ انھوں نے یہ فیصلہ مکانات کی ضرورت کی وجہ سے کیا ہے۔

* یہودی بستی کی منظوری، نیتن یاہو کو امریکہ آنے کی دعوت

* ’اسرائیل کو بین الاقوامی عدالت میں لے جائیں گے‘

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ خطے میں قیام امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کی تازہ کوشش ہے۔

امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ اسرائیل کی جانب سے ایسا دوسرا اعلان ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے نہ صرف اشارہ دیا تھا کہ وہ ان یہودی بستوں کے لیے ہمدردی رکھتے ہیں بلکہ انھوں نے ان بستوں کے حامی اہلکار کو اسرائیل کے لیے اپنا سفیر بھی مقرر کیا ہے۔

سنہ 1967 میں اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم پر قبضے کے بعد سے یہاں تعمیر ہونے والے 140 بستیوں میں پانچ لاکھ کے قریب یہودی آباد ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اسرائیلی وزیر دفاع ایوگدور لیبرمین اور وزیرِ اعظم بن یامین نتن یاہو کا کہنا ہے کہ انھوں نے یہ فیصلہ مکانات کی ضرورت کی وجہ سے کیا ہے

یہ بستیاں بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی ہیں جبکہ اسرائیل اسے تسلیم نہیں کرتا۔

نئے اعلان کردہ مکانات میں سے 100 کے قریب رام اللہ کے قریب بنائے جائیں گے اور اطلاعات ہیں کہ ان کے لیے جس تنظیم نے رقم فراہم کی ہے اسے ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد کا خاندان اور اعلیٰ مشیر جیریڈ کشنر چلا رہے ہیں۔

اس اعلان کے بعد اسرائیلی وزیرِ اعظم نے ٹوئٹر پر کہا: ’ہم تعمیرات کر رہے ہیں اور انھیں جاری رکھیں گے۔‘

نتن یاہو نے فلسطینی حکام کے ساتھ امن عمل کے حوالے سے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر بات کی۔ اس گفتگو کے دوران امریکی صدر نے انھیں امریکہ آنے کی دعوت دی۔

یاد رہے کہ ٹرمپ نے اسرائیل کو حمایت کی یقین دہانی کرائی تھی اور اپنی مہم کے دوران کہا تھا کہ وہ یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کریں گے۔

سابق صدر براک اوباما کی انتظامیہ نے متعدد بار یہودی بستیوں کی تعمیر کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور 23 دسمبر کو سکیورٹی کونسل میں قرارداد پر ووٹنگ کو ویٹو نہیں کیا تھا۔

اسی بارے میں