امریکہ کی یورپی یونین کے خوف کو دور کرنے کی کوشش

تصویر کے کاپی رائٹ GETTY IMAGES, AP
Image caption بریگزٹ اور نیٹو سے متعلق صدر ٹرمپ کے بعض بیانات سے امریکہ کے یورپی اتحادی قدرے پریشان تھے

امریکی نائب صدر مائیک پینس نے کہا کہ امریکہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں یورپی یونین کے ساتھ تعاون اور شراکت داری کے عزم پر قائم ہے۔

اس یقین دہانی سے انھوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات سے یورپی یونین کے ملکوں میں پائی جانے والی تشویش کو دور کرنے کی کوشش کی ہے۔

مائیک پینس برسلز میں یورپی یونین کے حکام سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔

یورپین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک کا کہنا ہے کہ یورپی یونین متحدہ یورپ کے لیے امریکہ کی بھرپور مدد پر انحصار کر تا ہے۔

بریگزٹ اور نیٹو سے متعلق صدر ٹرمپ کے بعض بیانات سے امریکہ کے یورپی اتحادی قدرے پریشان تھے۔

نائب صدر مائیک پینس کا کہنا تھا کہ انھیں صدر ٹرمپ نے برسلز کا دورہ کرنے کی ہدایت کی تھی اور وہ اب یورپی کمیشن کے صدر یاں کلاڈ ینکر سے مذاکرات کررہے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ٹسک کا کہنا تا کہ نائب صدر پینس سے ملاقات کی اشد ضرورت تھی

مسٹر ینکر کا کہنا تھا کہ امریکہ کو ایک مضبوط اور متحدہ یورپ کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا: ’یہ یورپ کو سابقہ قومی اور صوبائی کیٹیگریز میں تقسیم کرنے کا وقت نہیں ہے۔‘

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں بریگزٹ کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ انھوں نے گذشتہ ماہ ٹائمز اخبار کو ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کے خیال میں برطانیہ نے یورپی یونین سے نکل کر بہت دانشمندی کا کام کیا ہے۔‘

یورپیئن کونسل کے صدر مسٹر ٹسک کا کہنا تھا کہ بہت سی نئی اور بعض اوقات حیران کن رائے کے بعد، جس کا اظہار گذشتہ چند ماہ میں کیا گیا، نائب صدر پینس سے ملاقات کی اشد ضرورت تھی تاکہ ہمیں یہ تاثر مل سکے کہ سب کچھ ویسا ہی ہے جیسا کہ پہلے ہوا کرتا تھا۔

مائیک پینس سے ملاقات کے بعد مسٹر ٹسک نے کہا کہ نیٹو متروک نہیں ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں