امریکہ: دفاعی بجٹ میں 54 ارب اضافے کی تجویز

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption صدر ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم میں کہا تھا کہ وہ دفاعی اخراجات میں اضافہ کریں گے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوشش ہے کہ امریکہ کے 2018 کے بجٹ میں دفاعی اخراجات 54 ارب ڈالر یعنی نو فیصد کا اضافہ کیا جائے۔

پیر کے روز مختلف سرکاری ایجنسیوں کو بجٹ کا مسودہ بھیجا گیا تھا۔ تجویز کردہ مسودے میں ماحولیاتی بجٹ اور غیر ملکی امداد میں کمی کی گئی ہے۔

تاہم ٹرمپ کے پلان میں بڑے فلاحی پروگراموں جیسے سوشل سکیورٹی اور میڈی کیئر کو نہیں چھیڑا گیا جبکہ ریپبلکن پارٹی نے ان میں اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔

توقع ہے کہ صدر ٹرمپ اپنے مجوزہ بجٹ کا حتمی مسودہ مارچ کے وسط میں پیش کریں گے۔

صدر ٹرمپ نے پیر کو وائٹ ہاؤس میں گورنز کی ایک ملاقات میں کہا ’ہم نے کم (وسائل) کے ساتھ زیادہ کام کرنا ہے، اور حکومت کو کم خرچ پر چلانا ہے اور احتساب کرنا ہے۔‘

صدر ٹرمپ نے بتایا کہ وہ منگل کے روز ملک کے انفراسٹرکچر (تعمیری ڈھانچے) کے بارے میں کانگریس کے سامنے اپنی تقریر میں بتائیں گے۔ انھوں نے کہا ہمیں انفراسٹرکچر پر بہت توجہ دینی ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم میں کہا تھا کہ وہ دفاعی اخراجات میں اضافہ کریں گے اور فلاحی پروگراموں کو محفوظ رکھیں گے۔ اس دوران ان کا کہنا تھا کہ ان کا بجٹ ’ملٹری، تحفظ، اور اقتصادی ترقی‘ پر توجہ دے گا۔

اسی بارے میں