گھانا کی آبشار پر درخت گرنے سے 20 افراد ہلاک

گھانا (فائل فوٹو) تصویر کے کاپی رائٹ SANDISTERTEI
Image caption حکام کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ طوفان کے سبب ایک بڑے پیڑ کے گرنے کے سبب ہوا

افریقی ملک گھانا میں کنٹامپو کی معروف آبشار میں ایک بڑے درخت کے گرنے سے کم از کم 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

ناگہانی صورت حال سے نمٹنے والے شعبے کے اہلکاروں نے بتایا ہے کہ طوفان میں جب یہ عجیب حادثہ رونما ہوا اس وقت یہ لوگ وہاں تیراکی کر رہے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ بظاہر پیڑ طوفان کے سبب گرا تھا۔

گھانا کی قومی فائر سروس کے ترجمان پرنس بلی انیگلیٹ نے کہا کہ یہ حادثہ برونگ اہافو علاقے میں کنٹامپو آبشار میں ہوا۔

پولیس اور فائر سروس کی مشترکہ ٹیم نے جائے حادثہ کا دورہ کیا ہے تاکہ درخت میں پھنسے لوگوں کو بچایا جا سکے۔

گھانا کی میڈیا سٹار نیوز کو ایک عینی شاہد نے بتایا کہ 'بارش کے شروع ہوتے ہی اونچائی پر کھڑا ایک بڑا سا درخت گر گیا جس کی زد میں خوشیاں مناتے لوگ آ گئے۔

’مرنے والوں میں زیادہ تر وینچی سینیئر ہائی سکول کے طلبہ تھے۔ جبکہ ان میں سے بعض سیاح بھی تھے۔ ہم لوگ شاخوں کو آڑے سے کاٹ کر درخت میں پھنسے باقی لوگوں کو بچانے کی کوشش میں ہیں۔‘

فائر سروس کے ترجمان نے عالمی خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ 18 طلبہ جائے حادثے پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ دو دوسرے نے ہسپتال میں دم توڑ دیا۔

انھوں نے بتایا کہ 11 افراد کا علاج جاری ہے جن میں سے ایک سکول انتظامیہ کا انچارج ہے جو کہ ٹرپ کو لے کر وہاں پہنچا تھا۔

بعض اطلاعات میں زخمیوں کی تعداد 20 سے زیادہ بتائی جا رہی ہے اور ان کا کنٹامپو میونسپل ہسپتال میں علاج جاری ہے۔

گھانا کی وزیر سیاحت کیتھرن ابیلما افیکو نے ایک بیان میں کہا: 'ہم سوگوار خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں اور زخمیوں کے لیے دعاگو ہیں۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں