لندن حملہ: برمنگھم میں پولیس کے چھاپے، سات مشتبہ افراد گرفتار

لندن پولیس تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption کمشنر راؤلے کا کہنا تھا کہ ایسا خیال کیا جاتا ہے کہ حملہ آور نے عالمی دہشت گردی سے رغبت حاصل کی ہوگی

برطانیہ میں انسداد دہشت گردی کے محکمے کے سینیئر افسر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بدھ کے روز لندن میں ہونے والے حملے کی تفتیش کرنے والی پولیس نے برمنگھم میں چھ گھروں پر چھاپے مارے ہیں۔

لندن میٹروپولیٹین پولیس کے قائم مقام نائب کمشنر مارک راؤلے کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں سات افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

لندن میں دہشت گردی، پانچ افراد ہلاک اور 40 زخمی

لندن میں دہشت گردی کے واقعے کی تصاویر

بدھ کی شام کو لندن میں پارلیمان کے باہر ویسٹ منسٹر کے پل پر ایک حملہ آور نے وہاں موجود راہگیروں پر پہلے گاڑی چڑھا دی تھی پھر حملہ آور پیلس آف ویسٹ منسٹر کے دروازوں کی طرف بھاگا اور وہاں پر موجود ایک پولیس اہلکار کو اس نے چاقو مار کر ہلاک کر دیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس اہلکار اورتین عام شہری شامل ہیں جبکہ حملہ آور کو پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا

ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس اہلکار اورتین عام شہری شامل ہیں جبکہ حملہ آور کو پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

کمشنر راؤلے کا کہنا تھا کہ خیال ہے کہ حملہ آور عالمی دہشت گردی سے ذہنی طور پر متاثر ہوا ہو گا ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہاؤس آف پارلیمنٹ کے قریب 'دہشتگردی' کے واقعے میں حملہ آور سمیت چار افراد ہلاک جبکہ 40 کے قریب زخمی ہو ئے ہیں۔ زخمیوں میں سے سات افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

امریکہ، جرمنی، فرانس سمیت دنیا کے بہت سے ممالک کے سربراہان نے اس واقعے کے بعد برطانیہ سے اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption رسلز میں عوام دل کا نشان بنا کر ایک سال قبل ملک میں دہشت گردی کے حملے میں نشانہ بننے والوں کو یاد کرتے ہوئے

فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند نے برطانوی وزیراعظم سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ہم سب کا مسئلہ ہے اور فرانس برطانوی عوام کے دکھ کو سمجھتا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پیغام میں برطانوی سکیورٹی فورسز کے کردار کی تعریف کی ہے۔

جرمنی میں گذشتہ برس ایک ٹرک کے ذریعے ہونے والے خودکش حملے میں 84 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ جرمن چانسلر آنگیلا میرکل نے کہا ہے کہ ان کا ملک برطانیہ کے ساتھ عوام اور حکومت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف کھڑا ہے۔

اسی بارے میں