امریکہ: بچہ بیچنے کی کوشش میں جوڑا گرفتار

بچہ تصویر کے کاپی رائٹ PA

امریکی ریاست ٹینیسی میں ایک جوڑے کو اپنا پانچ ماہ کا بچہ تین ہزار ڈالر کے عوض بیچنے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

37 سالہ ڈیانا گریر اور 26 سالہ جان ڈیوڈ کین کو رقم کے عوض اپنے بچے کو آن لائن سائٹ کریگز لسٹ کی مدد سے سادہ لباس میں ملبوس پولیس افسر کو بیچتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔

انھیں پیر کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

ایک اور جوڑے نے گرین کاؤنٹی کے شیرف کے دفتر کو بچے کی فروخت کے لیے آن لائن دیے جانے والے اشتہار سے مطلع کیا تھا۔

شیرف پیٹ ہینکز نے کہا کہ ایک پولیس افسر نے اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر اس جوڑے سے رابطہ کیا اور ان سے ایک ویران جگہ ملاقات کی، جس کے دوران انھوں نے اپنے بچے کا سودا کیا۔

انھوں نے گرین ول سن اخبار کو بتایا: 'کیا آپ یقین کر سکتے ہیں؟ ہم نے ایک بچہ خریدا ہے۔ اس سے میرا دل ٹوٹ گیا ہے۔'

شیرف نے بتایا کہ بچہ سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں