ٹرمپ، السیسی ملاقات تعلقات کو بحال کرنے کی کوشش

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

مصر کے صدر عبدالفاتح السیسی سنہ 2013 میں ملک کی قیادت سنبھالنے کے بعد پہلی بار وائٹ ہاؤس کا دورہ کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں ٹرمپ کا السیسی کے بارے میں کہنا تھا کہ وہ السیسی کی جانب سے باغیوں کے خلاف کی جانے والی کارروائی کی حمایت کرتے ہیں۔

مصری صدر عبدالفاتح السیسی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی 'منفرد' شخصیت کے حوالے سے ان کی تعریف کی۔

خیال رہے کہ مصر ایک طویل عرصے سے امریکہ کا وفادار رہا ہے تاہم دونوں کے درمیان تعلقات میں کشیدگی تب بڑھی جب صدر السیسی نے اپنے سیکیولر اور اسلامی مخالفین کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا۔

ان کے اس اقدام کے جواب میں اوباما انتظامیہ نے 18 ماہ تک مصر کی فوجی امداد بند کر دی تھی۔

٭ٹرمپ کی مداخلت پر اسرائیل مخالف قرارداد ملتوی

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ مصر اور امریکہ کے دوطرفہ تعقات کی ازسر نو ابتدا کرنا چاہتے ہیں۔

ستمبر میں نیویارک میں صدارتی مہم کے دوران صدر السیسی سے ملاقات کے موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ یہی چاہتے تھے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط رابطے ہوں۔

عبدالفاتح السیسی نے ملک میں پہلے جمہوری صدر محمد مرسی کی حکومت کو بحیثیت وزیرِ دفاع سنہ 2013 میں برطرف کر دیا تھا جب ان کے اقتدار کے خلاف بڑے پیمانے پر عوامی احتجاج ہوا تھا۔

آنے والے مہینوں میں ملک میں مرسی کے حامیوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور تشدد کے نتیجے میں احتجاج کرنے والے ایک ہزار افراد ہلاک ہوئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption مصر میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والوں کا کہنا ہے کہ 60 ہزار افراد کو کریک ڈاؤن کے دوران گرفتار کیا گیا۔

ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ کریک ڈاؤن کے دوران ہزاروں افراد گرفتار ہوئے اور اس دوران سکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر قانون کی خلاف ورزی کی جس میں جبری گرفتاریاں، تشدد اور ماورائے عدالت قتل شامل ہیں۔

امریکہ میں موجود ایک گروہ کا کہنا ہے کہ صدر السیسی نے بھی سول اور سیاسی حقوق پر شدید پابندیاں لگائیں ا سے حسنی مبارک کے دور میں کی جانے والی بغاوت سے حاصل ہونے والے فوائد کے اثرات ختم ہو گئے۔

صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مصر میں انسانی حقوق کے حوالے سے تحفظات کو پیر کو ہونے والی ملاقات میں اٹھایا جائے گا۔ تاہم اس کے لیے پرائیوٹ اور محتاط انداز اپنایا جائے گا۔

'ہم سمجھتے ہیں کہ یہ مثبت نتائج حاصل کرنے کا سب سے بہترین طریقہ ہے۔'

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سنہ 2014 میں عبدالفاتح السیسی نے 97 فیصد ووٹ حاصل کیے اور صدر کے عہدے پر فائز ہوئے۔

تاہم ہیومن رائٹس واچ کی واشنگٹن میں ڈائریکٹر سارہ مارگن نے اس طریقہ کار پر تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے 'ایک ایسے وقت میں جب ہزاروں مصری جیلوں میں ہیں اور تشدد پھر سے عام ہے السیسی کو واشنگٹن کے سرکاری دورے کی دعوت دینا مستحکم سٹریٹیجک تعلقات قائم کرنے کے لیے ایک عجیب راستہ ہے۔'

توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں صدور ملاقات میں خطے کے دیگر امور پر بھی بات کریں گے جن میں فلسطین اور اسرائیل امن کے لیے کوششیں اور دولتِ اسلامیہ کے خلاف جنگ شامل ہیں۔

سنہ 2013 سے اب تک سینکڑوں مصری فوجی ہلاک ہو چکے ہیں جن پر جزیرہ نما سینا میں موجود جہادی گروہ نے حملے کیے تھے۔

صدر السیسی کا خیال ہے کہ دولتِ اسلامیہ کے خلاف کارروائی کے لیے ایک ارب تین کروڑ کی گذشتہ برس کی فوجی امداد میں اضافے کی ضرورت ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption دولتِ اسلامیہ نے سینکڑوں سکیورٹی اہکاروں کو قتل کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس نے مستقل بنیادوں اور وافر امداد دینے کا وعدہ کیا ہے تاہم وائٹ ہاؤس نے بین الاقوامی سطح پر اپنے امدادی بجٹ میں بڑے پیمانے پر کمی کی تجویز بھی دی ہے۔

انتظامی حکام کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ اخوان المسلمین کے بارے میں مصری ہم منصب کے خیالات بھی سننا چاہتے ہیں۔ صدر السیسی چاہتے ہیں کہ اخوان المسلمین کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا جائے۔

اخوان المسلمین کا اصرار ہے کہ وہ تشدد کے خلاف ہے تاہم اس کی کچھ علاقائی شاخوں نے پرتشدد کارروائیاں کی ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں