تیسری بار لاٹری جیتنے والا خوش قسمت کینیڈین جوڑا

تصویر کے کاپی رائٹ WESTERN CANADA LOTTERY CORPORATION
Image caption دونوں کا تعلق ایڈمونٹن البیرٹا سے ہے جن کا کہنا ہے کہ وہ اس انعامی رقم کا استعمال اپنے بچوں پر خرچ کریں گے

کینیڈا کے ایک جوڑے نے خوش قسمتی سے تیسری بار سوا آٹھ لاکھ کینیڈین ڈالر کی لاٹری جیتی ہے۔

باربرا اور ڈگلس فنک نے اس سے قبل ایک بار 1989 اور ایک بار 2010 میں میں بھی لاٹری جیت چکے تھے۔

ریاستی لاٹری ایجنسی کی طرف سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ اس بار انھوں نے ویسٹرن کینیڈا لاٹری کی فروری کا جو جیکپاٹ جیتا اس میں انھیں پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ انعامی رقم ملی۔

دونوں کا تعلق ایڈمونٹن البیرٹا سے ہے جن کا کہنا ہے کہ وہ اس انعامی رقم کا استعمال اپنے بچوں پر خرچ کریں گے۔

محترہ فنک نے ریاستی لاٹری ادارے کو بتایا کہ 'فیملی پہلی ترجیح ہوتی ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ میری بیٹیاں اور ہمارے پوتے اور نواسوں کا پورا پورا خیال رہے۔'

جیتی گئی انعامی رقم میں سے کچھ وہ خود اپنے اوپر بھی خرچ کریں گے۔ ڈگلس فنک کا کہنا ہے کہ وہ سفر پر نکلنا چاہتے ہیں اور ایک نئے گھر کی تلاش شروع کریں گے۔

انھوں نے لوٹو کارپوریشن کو بتایا: 'باربرا کو ایک نیا مکان چاہیے تو وہ ان کو ملے گا۔'

اس سے پہلے جب انھوں نے سنہ 1989 میں ایک لاکھ اٹھائیس ہزار ڈالر کی انعامی رقم جیتی تھی تو انھوں نے اپنے چار دوستوں کے ساتھ شیئر کیا تھا۔ اس جوڑے نے 2010 میں بھی ایک لاکھ کینیڈین ڈالر کی لاٹری جیتی تھی۔

اس بار اس لاٹری کی کامیابی کے لیے جو دو ٹکٹ تھے ان میں سے ایک ان کے پاس تھا۔

محترمہ فن کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر کام کے لیے گھر سے باہر تھے اور اس جیت کے بارے میں انھوں نے ہی معلوم کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ خوشخبری سنانے کے لیے انھوں نے اپنے شوہر کو فون کیا لیکن انھوں نے پہلی بار فون نہیں اٹھایا۔

ان کا کہنا تھا: 'انھوں نے جواب نہیں دیا، تو میں نے پانچ منٹ کے انتظار کے بعد دوبارہ فون کیا اور اس بار انھوں نے میری کال کا جواب دیا۔ میں نے کہا، میں نے پھر سے کامیابی حاصل کی!'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں