’شام میں کیمیائی حملہ روسی ناکامی کے سبب ہوا‘

ٹیلرسن تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ریکس ٹیلرسن نے یہ بات ایک ایسے وقت کی ہے جب پیر کو اٹلی میں جی۔سیون ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ہونے والی ہے

امریکی وزیرِ خارجہ ریکس ٹیلرسن نے روس پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شامی حکومت کو باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں میں کیمیائی حملہ کرنے سے باز رکھنے میں ناکام رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ روس نے شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے ذخیرے کی تباہی یقینی بنانے پر اتفاق کیا تھا اور اس عمل میں ناکامی کی وجہ سے ہی شامی حکومت یہ حملہ کر سکی۔

٭شام کا بحران: روس کی امریکہ کو ’سخت نتائج‘ کی تنبیہ

٭شام میں مبینہ کیمیائی حملہ،

خیال رہے کہ شام کے علاقے خان شیخون میں گذشتہ ہفتے مبینہ کیمیائی حملے میں 89 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکہ کا کہنا ہے کہ یہ حملہ شامی حکومت نے کیا ہے جبکہ شامی حکومت اس کا ذمہ دار باغی فورسز کو قرار دے رہی ہے اور روس کا کہنا ہے کہ امریکہ نے شامی حکومت کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے کوئی ثبوت نہیں دیے ہیں۔

امریکہ نے اس حملے کے جواب میں حمص میں شامی فوجی اڈے پر 59 ٹاماہاک کروز میزائل داغے تھے جس سے نو افراد مارے گئے تھے جن میں عام شہری بھی شامل ہیں۔

ریکس ٹیلرسن نے یہ بات ایک ایسے وقت کی ہے جب پیر کو اٹلی میں جی۔سیون ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ہونے والی ہے۔ اس اجلاس میں اس بات پر غور کیا جائے گا کہ روس کو شامی حکومت سے دور کرنے کے لیے دباؤ کیسے ڈالا جائے۔

اس اجلاس کے بعد امریکی وزیر خارجہ ماسکو کا دورہ کریں گے جہاں وہ اپنے ہم منصب سرگئی لاوروف سے ملاقات کریں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

روس شامی حکومت کا اہم اتحادی ہے اور اس نے سنہ 2013 میں شام کے کیمیائی ہتھیاروں کو تلف کرنے کے معاہدے میں مدد کی تھی۔

سی بی ایس کے پروگرام فیس دی نیشن میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ ٹیلرسن نے کہا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ اس مبینہ حملے میں روس بھی حصہ دار تھا۔

تاہم انھوں نے کہا کہ 'روس اس سازش میں شامل تھا یا وہ صرف نااہل تھا یا اسے دھوکہ دیا گیا شامی حکومت کی طرف سے، وہ بین الاقوامی برادری سے کیے جانے والے اپنے وعدے میں ناکام ہو گیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ روس نے شامی ہتھیاروں کے ذخیرے کو تلف کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی اور اس میں اس کی ناکامی کی وجہ سے زیادہ بچے اور معصوم لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں