میکسیکو کا مفرور گورنر گوائٹے مالا میں گرفتار

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ہاویئر دورتے نے کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے کے لیے اپنا عہدہ چھوڑا تھا تاہم وہ اکتوبر 2016 میں ملک سے فرار ہوگئے۔

میکسیکو میں پولیس کا کہنا ہے کہ چھ ماہ سے مفرور ملک کے ایک سابق ریاستی گورنر کو سنیچر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ہاویئر دورتے ریاست ویراکروز کے سابق گورنر ہیں اور ان پر بدعنوانی کے ساتھ ساتھ منظم جرائم میں ملوث ہونے اور لاکھوں ڈالر کے غبن کے الزامات ہیں۔

میکسیکو کے اٹارنی جنرل نے بتایا کہ انھیں گوائٹےمالا میں انٹرپول اور گوائٹے مالا کی پولیس کے ساتھ ایک مشترکہ کارروائی میں پکڑا گیا۔

توقع ہے کہ انھیں بعد میں میکسکو بھیج دیا جائے گا۔

گوائٹے مالا کی پولیس کا کہنا ہے کہ سابق گورنر کو شہر سولولہ میں ایک ہوٹل کی لابی سے پکڑا گیا ہے۔

ان پر الزام ہے کہ انھوں نے عوامی وسائل میں سے ساڑھے تین کروڑ ڈالر کا غبن کیا ہے۔

ہاویئر دورتے نے کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے کے لیے اپنا عہدہ چھوڑا تھا تاہم وہ اکتوبر 2016 میں ملک سے فرار ہوگئے۔

جب حکام نے ان کا گدام پر چھاپہ مارا تو وہاں سے انہائی قیمتی پینٹگز سمیت متعدد قیمتی اثاثے برآمد ہوئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ہاویئر دورتے کے دور میں ریاست ویراکروز ملک کا انتہائی خطرناک علاقہ بن گئی تھی

ان کی حویلی سے بھی 17 انتہائی قیمتی پینٹگز برآمد ہوئی تھیں۔

ہاویئر دورتے کے دور میں ریاست ویراکروز ملک کا انتہائی خطرناک علاقہ بن گئی تھی۔ ان کے دور میں وہاں 17 صحافیوں کو بھی قتل کیا گیا۔

انھیں ان کی اپنی جماعت کی جانب سے بھی معطل کر دیا گیا تھا۔ ان کا تعلق ملک کے صدر نیتو کی جماعت پی آر آئی سے ہے۔

دسمبر میں ہونے والے انتخاب میں ان کے حریف نے ان کی سیٹ پر کامیابی حاصل کر لی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں