شام میں دولتِ اسلامیہ کا اہم رکن ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

امریکہ کے فوجی حکام کا کہنا ہے کہ اس کی افواج نے شام میں خود کو دولتِ اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم کے اہم رکن کو ہلاک کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق یہ کاروائی مشرقی شام میں میادین کے علاقے کے نزدیک کی گئی۔

شام: دولتِ اسلامیہ کے خلاف لڑائی میں 14 ترک فوجی ہلاک

استنبول کے نائٹ کلب پر حملہ: داعش نے ذمہ داری قبول کر لی

ازبکستان سے تعلق رکھنے والے عبدر رخمون ازبکی کے بارے میں امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ دولت اسلامیہ کے سربراہ ابو بکر البغدادی کا قریبی ساتھی تھا۔

امریکہ نے مزید کہا ہے کہ عبدر رخمون ازبکی نے نئے سال کے آغاز میں استنبول کے رینا نائٹ کلب پر دہشت گردی کے حملے کی منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

ترکی میں پولیس نے اس واقعہ کے مرکزی ملزم عبدل قادر مشاری پوو کو جنوری میں گرفتار کیا تھا۔

عبدل رخمون ازبکی پر کیے جانے والے حملے کے متعلق امریکی حکام نے مزید بتایا کہ یہ ایک زمینی حملہ تھا۔

واشنگٹن ڈی سی میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان جان تھامس نے مزید کہا کہ اس سے زیادہ اور کوئی معلومات ابھی نہیں دی جا سکتی۔

یاد رہے کہ ترکی میں استنبول کے معروف رینا نائٹ کلب میں سالِ نو کے موقعے پر کم از کم 600 افراد موجود تھے جہاں ایک مسلح شخص نے اندر داخل ہو کر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں 39 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ہلاک ہونے والے غیر ملکیوں کا تعلق اسرائیل، فرانس، تیونس، لبنان، انڈیا، اردن اور سعودی عرب سے تھا۔

اسلامی شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے حملے کے اگلے دن اپنے بیان میں کہا تھا کہ یہ حملہ اُن کے 'ایک سپاہی' نے کیا تھا۔

اسی بارے میں