غلط فلائٹ پر سوار ہونے والا کتا اپنے گھر پہنچ گیا

تصویر کے کاپی رائٹ MARIE-MICHELLE LAUZON/CBC
Image caption کتے کی مالکہ کا کہنا ہے کہ وہ اسے ڈھونڈنے میں مدد کرنے والوں کا الفاظ میں شکریہ اد نہیں کرسکتی

کینیڈا میں غلط فلائٹ پر سوار ہونے والے کتے کو آخر کار ان کی مالکن تک پہنچا دیا گیا ہے۔

کُوپر کو کینیڈا کے علاقے نوا سکوٹیا سے نیو فاؤنڈ لینڈ جانا تھا مگر غلطی سے اسے آنتاریو جانے والی فلائٹ پر سوار کر دیا گیا۔

آنتاریو ہہنچنے پر اس کتے کو جب جہاز سے باہر نکالا گیا تو وہ عملے کو چکما دے کر بھاگ گیا۔

کتے کی مالکن ٹیری پٹمین کو ایک شادی میں شرکت کے لیے ملک سے باہر جانا تھا جس کی وجہ سے انھوں نے اسے کچھ دنوں کے لیے رشتہ داروں کے ہاں بھیجنے کا فصیلہ کیا تھا۔

اب کتے سے دوبارہ ملنے پر ان کا کہنا ہے کہ وہ انتہائی شکرگزار ہیں۔

ٹیری پٹمین کے بقول ’مجھے ہوائی کمپنی نے فون کر کے بتایا کہ کوپر کو غلطی سے نیو فاؤنڈ لینڈ کے بجائے آنتاریو صوبے جانے والی فلائٹ پر سوار کر دیا گیا ہے۔‘

یہ خبر سننے کے بعد ٹیری اپنے کتے کی تلاش میں خود فلائٹ لے کر آنتاریو پہنچیں اور اس خبر کے عام ہونے کے بعد ہزاروں افراد بھی ٹیری کی مدد کے لیے وہاں پہنچ گئے۔

مقامی نیوز چینل سی بی سی کے مطابق جمعے کو کچھ مقامی لوگ اس کتے کو ڈھونڈنے میں کامیاب ہو گئے۔

سی بی سی سے بات کرتے ہوئے ٹیری پٹمین کا کہنا تھا کہ ’ کوپر کو ایک ہی علاقے میں دیکھے جانے کی اطلاعات آ رہی تھیں جس کی وجہ سے مجھے امید تھی کہ وہ مل جائے گا۔‘

ٹیری کا مزید کہنا تھا کہ انھیں اس سلسلے میں مدد کے لیے ہزاروں لوگوں نے پیغامات بھیجے اور وہ ان سب لوگوں کی شکرگزار ہیں۔

ان کے بقول ’جب مجھے یہ معلوم ہوا کہ کوپر کو غلط فلائٹ پر بیٹھا دیا گیا ہے تو وہ میری زندگی کا بدترین دن تھا۔‘

سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’میرا کتا میرے لیے سب کچھ ہے اور اس کو ہمیشہ کہ لیے کھو دینے کا خیال میرے لیے پریشان کن تھا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ کوپر کو ڈھونڈنے میں مدد کرنے والوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں۔