سعودی عرب: سرکاری ملازمین کا خصوصی الاؤنس پھر بحال

شاہ سلمان تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption شاہ سلمان نے اپنے بیٹے شہزادہ خالد کو امریکہ میں سعودی عرب کا نیا سفیر مقرر کیا ہے

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان نے سرکاری ملازمین اور فوجی حکام کو ملنے والے بونس اور خصوصی الاؤنس پھر سے بحال کر دیے ہیں جو گذشتہ برس کفایت شعاری کے اقدامات کے تحت منقطع کر دیے گئے تھے۔

حکومت نے تیل سے ہونے والی آمدن میں کمی کے پیش نظر گذشتہ برس ستمبر میں حکومتی اخراجات میں کفایت شعاری برتنے کے لیے سرکاری ملازمین کو ملنے والی خصوصی مالی مراعات کو روک دیا تھا۔

شاہ سلمان نے سول سروس سے متعلق اپنے وزیر کو بھی برطرف کر دیا ہے اور اختیارات کے بےجا استعمال کے معاملے میں ان کے خلاف تفتیش کا حکم دیا گيا ہے۔

نئے حکم نامے کے تحت شاہ سلمان نے اپنے بیٹے شہزادہ خالد کو امریکہ میں سعودی عرب کا نیا سفیر مقرر کیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption سعودی عرب کی حکومت اپنے بجٹ کا ایک بڑا حصہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر خرچ کرتی ہے

واشنگٹن میں سعودی عرب کے سفیر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالنے والے شہزادہ خالد نے امریکہ میں رہتے ہوئے جنگی جہاز کے پائلٹ کی تربیت حاصل کی تھی اور وہ شام میں نام نہاد شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے خلاف ہونے والی کارروائی کے تحت فضائی حملوں میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔

شاہ سلمان نے حکم دیا ہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں ہونے والی فوجی کارروائی میں حصہ لینے والے جو فوجی محاذ جنگ پر تعینات ہیں، انھیں دو ماہ کی اضافی تنخواہ ادا کی جائے۔

نئے حکم نامے میں یہ بھی کہا گيا ہے کہ گذشتہ برس وزرا اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی تیل کی گرتی قیمتوں کی وجہ سے کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ جنوری میں تیل کی قیمتیں تقریباً 28 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھیں جس میں اب اضافہ ہوا ہے اور اب یہ تقریباً 52 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ماہرین کے مطابق جس طرح سے حکومت نے کفایت شعاری کا اعلان کیا تھا اس سے لگتا ہے کہ سعودی عرب کی معیشت اچھی نہیں تھی

حکومت کا کہنا ہے کہ اس برس کی پہلی سہ ماہی میں اس کے معامشی اخراجات میں بہتری درج کی گئی اور مستقبل میں مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔

گذشتہ برس کفایت شعاری کے اقدامات کے تحت حکومت نے وزرا کی تنخواہوں میں 20 فیصد جبکہ شوریٰ کونسل کے ارکان کی رہائش اور کار الاؤنسوں میں 15 فیصد کی کمی کا اعلان کیا تھا۔

اس کے ساتھ ہی کم تر درجے کے سول ملازمین کی تنخواہوں میں جس اضافے کا اعلان کیا گیا تھا اس پر بھی روک لگا دی گئی تھی۔

شاہی حکم نامے کے تحت سرکاری ملازمین کو ملنے والے اضافی مالیاتی فوائد بھی واپس لے لیے گئے تھے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں